عمر شریف کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں: خدیجہ محمود

عمر شریف عمر شریف

پاکستان کے نامور کامیڈین عمر شریف کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ ہسپتال کے بستر پر موجود ہیں، جس کے بعد لوگوں نے اندازہ لگانا شروع کردیا کہ کامیڈین شدید بیمار ہیں۔

تاہم میڈیا سے فون کے ذریعے بات کرتے ہوئے عمر شریف کی بہن خدیجہ محمود نے وضاحت کی کہ ان کے بھائی کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں ہیں۔

خدیجہ محمود کا کہنا تھا کہ ’عمر شریف کو سینے کا معمولی انفیکشن ہوا تھا اور کچھ بھی نہیں، شکر ہے کہ وہ ٹھیک ہورہے ہیں اور ایک یا دو دن میں گھر واپس آجائیں گے‘۔

انہوں نے اس بات پر مایوسی کا بھی اظہار کیا کہ ان کے بھائی کی بیماری کو غلط انداز دے کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میں لوگوں سے درخواست کروں گی کہ اس خبر کو زیادہ بڑھا چڑھا کر نہ پیش کریں، دوسری بات یہ کہ یہ بھی جرم ہے کہ ہسپتال میں موجود نرس اور ڈاکٹرز تصاویر لے کر انہیں وائرل کردیتے ہیں، ہسپتال انتظامیہ کو اس ہرکت پر ایکشن لینا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں اداکارہ نائلہ جعفری کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ان کی بیماری کے حوالے سے بھی خبر آئی تھی کہ ادااکارہ کینسر کی آخری اسٹیج میں ہیں اور انہیں خون کی ضرورت ہے، تاہم لیاقت نیشنل ہسپتال نے اس خبر کو بےبنیاد ٹھراتے ہوئے کہا تھا کہ نہ تو وہ کینسر کی آخری اسٹیج میں ہیں اور نہ ہی انہیں خون کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب عمر شریف کی بہن نے شائقین سے گزارش کی ہے کہ وہ کامیڈین کی صحت کے لیے دعا کریں اور پریشان نہ ہوں، عمر شریف جلد دوبارہ مداحوں کے درمیان واپسی کریں گے۔

install suchtv android app on google app store