بھارت کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا گلوکار کون ہے؟

بھارت کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا گلوکار کون ہے؟ فائل فوٹو

بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کے نام لیں تو اس میں سلمان خان، اکشے کمار، شاہ رخ خان اور دیگر بڑے اداکار شامل ہیں۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا گلوکار کون ہے؟

بالی وڈ میں اکثر گلوکاروں کو اتنا زیادہ معاوضہ نہیں دیا جاتا، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ماضی کے معروف گلوکار محمد رفیع اپنے وقت پر ایک گانے کا صرف 300 روپے معاوضہ لیتے تھے۔

پھر وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں اور حالات تبدیل ہوئے اور اب یہ حال ہے کہ بالی وڈ میں ایک ایسا گلوگار بھی ہے جو صرف ایک گانا گانے کا 3 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیتا ہے۔

آپ کو یہ جان کر شاید حیرانی بھی ہو ، یہ نام ارجیت سنگھ ،شریا گھوشال یا سونو نگھم کا نہیں ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان اس وقت بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے گلوکار ہیں۔

انڈسٹری کے اندرونی ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ اے آر رحمان ایک گانا گانے کے لیے 3 کروڑ روپے کی شاہانہ رقم وصول کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اے آر رحمان زیادہ تر میوزک کمپوزر کی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اور گلوکاری کم ہی کرتے ہیں، لیکن جس گانے میں بھی وہ اپنی آواز کا جادو جگاتے ہیں وہ گانا سپر ہٹ ہو ہی جاتا ہے۔

علاوہ ازیں بالی وڈ کے دیگر مشہور گلوکاروں کے معاوضے کے بارے میں بات کریں تو شریا گھوشال ایک گانے کا 25 لاکھ روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارجیت سنگھ ایک گانے کا 18 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ لیتے ہیں جبکہ سونو نگھم ایک گانے کا 15 سے 18 لاکھ روپے معاوضہ حاصل کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store