ماہرہ خان کس فلم میں ہمایوں سعید کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

سپر اسٹار ماہرہ خان اور اداکار ہمایوں سعید فائل فوٹو سپر اسٹار ماہرہ خان اور اداکار ہمایوں سعید

سپر اسٹار ماہرہ خان نے اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ اپنی آنے والی فلم سے متعلق تفصیلات بتادیں۔

ماہرہ خان ان دنوں برطانوی دارالحکومت لندن میں موجود ہیں، جہاں ان کی اور ہمایوں سعید کی آنے والی فلم کی شوٹنگ بھی جاری ہے۔

ماہرہ خان نے لندن میں ہونے والی ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید کے ساتھ اپنی فلم کی کچھ تفصیلات بھی بتائیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور ہمایوں سعید آنے والی فلم ’لو گرو‘ (Love Guru) کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اس کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں۔

انہوں نے فلم کی کہانی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم نام سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کی کہانی رومانوی کامیڈی ہوگی۔

ماہرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کی فلم ’لو گرو‘ کو عید الفطر پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اس کی شوٹنگ لندن میں جاری ہے۔

ان سے قبل ہمایوں سعید بتا چکے ہیں کہ وہ ماہرہ خان کے ساتھ فلم میں دکھائی دیں گے، انہوں نے ستمبر 2023 میں بتایا تھا کہ اداکارہ کی شادی کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ تاخیر سے شروع کی جائے گی۔

مذکورہ فلم کے ذریعے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان ایک دہائی بعد ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

’لو گرو‘ سے قبل دونوں 2015 کی رومانوی فلم ’بن روئے‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

’بن روئے‘ میں دونوں کی جوڑی کو سراہا گیا تھا، دونوں اداکاروں کی مذکورہ فلم کے علاوہ بھی دیگر فلمیں اور ڈرامے شوٹنگ کے مراحل میں ہیں، ماہرہ خان کی ایک فلم فواد خان کے ساتھ بھی ریلیز ہوگی۔

 

install suchtv android app on google app store