بالی وڈ فلم سے متاثرہوکر فوجی نے بڑا قدم اٹھالیا

  • اپ ڈیٹ:
بالی وڈ فلم سے متاثرہوکر فوجی نے بڑا قدم اٹھالیا فائل فوٹو بالی وڈ فلم سے متاثرہوکر فوجی نے بڑا قدم اٹھالیا

بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ’دریشم‘ سے متاثر ہوکر گرل فرینڈ کو قتل کرکے اسے دفنانے والے بھارتی فوجی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 33سالہ بھارتی فوجی اجے وانکھڑے اور 32 سالہ جیوتسنا آکرے کی ملاقات ایک شادی پورٹل کے ذریعے ہوئی، اجے ناگپور کے علاقے کیلاش نگر کا رہائشی ہے جو ناگالینڈ میں تعینات ہے جب کہ جیوتسنا طلاق یافتہ تھی اور ایک دکان پر کام کرتی تھی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ دونوں کے درمیان دوستی جلد ہی ایک تعلق میں بدل گئی لیکن اجے کی فیملی اس کی شادی کہیں اور کرنے کی خواہش مند تھی جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے۔

بھارتی پولیس اہلکار کے مطابق اجے نے دوسری خاتون سے شادی کے بعد جیوتسنا کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا اورجان چھڑانے کیلئے قتل کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ’جب اجے نے جیوتسنا کی کالزکا جواب دینے سے بھی گریز کیا تو خاتون نے اسے ڈھونڈنے کیلئے تگ و دو کی جس کو بھانپ کر اجے نے اپنی ماں کے موبائل سے جیوتسنا کو فون کیا اور 28 اگست کو ملاقات کیلئے بلالیا،اس روز جیوتسنا اہل خانہ کو دوست کے گھر ایک دن گزارنے کا کہہ کر اجے سے ملنے جاپہنچی، اس ملاقات کے دوران اجے نے جیوتسنا کو کولڈرنک میں نشہ آور دوا دیکر بے ہوش کیا اورپھر اس کا گلا گھونٹ دیا۔

جیوتسنا کے قتل کے بعد اجے نے شہر سے دور علاقے میں ایک گڑھا کھودا اور جیوتسنا کو دفناکر اوپر سیمنٹ ڈال دیا جب کہ خاتون کا موبائل فون ایک ٹرک میں پھینک دیا۔

دوسری جانب بیٹی کے گھر نہ پہنچنے پر جیوتسنا کے والدین نے اس کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی اور پولیس جیوتسنا کے کال ریکارڈ کے ذریعے اجے تک پہنچ گئی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا ۔

پولیس اہلکار کے مطابق ’قتل کا مقدمہ فلم دریشم سے مشابہت رکھتا ہے جہاں ملزم نے نہایت احتیاط سے قتل کی منصوبہ بندی کی اور پھر جیوتسنا کو قتل کیا‘۔

install suchtv android app on google app store