ابھیشیک بچن کی ایشوریا رائے کو طلاق دینے کی ویڈیو وائرل

بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے فائل فوٹو بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے

بھارتی میڈیا پر کئی روز سے بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں علیحدگی کی افواہیں زیر گردش ہیں جب کہ اسی دوران ابھیشیک کے ایشوریا سے علیحدگی کے اعلان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔

بھارتی میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں ابھیشیک بچن کو جولائی میں ایشوریا سے علیحدگی کے فیصلے پر بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں ابھیشیک بچن کا کہنا تھا کہ ’ جولائی میں ایشوریا اور میں نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ کئی سالوں سے ہم اپنی بیٹی آرادھیا کیلئے ایک ہیں لیکن آج میں آپ سے ایشوریا سے طلاق کی وجوہات پر بات کروں گا‘۔

حقیقت کیا ہے؟

اگر ابھیشیک کی ویڈیو کا بغور جائزہ لیا جائے تو ویڈیو میں اداکار کے لپ سنکنگ کو واضح انداز میں دیکھا جاسکتا ہے، دوسری بات ویڈیو میں کیے گئے جوڑ توڑ بھی واضح ہیں اور پھر ویڈیو میں ابھیشیک کی گفتگو بھی نامکمل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیو جعلی ہے جو کہ اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بالی وڈ اداکار عامر خان، رنویر سنگھ، کترینہ کیف اور کاجول جیسی مشہور بالی وڈ شخصیات بھی ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا شکار ہوچکی ہیں۔

ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان طلاق کی خبریں دن بدن زور پکڑتی جارہی ہیں جس کی بنیادی وجہ دونوں کا کئی عرصے سے ایک ساتھ نہ دکھائی دینا ہے جب کہ بھارتی میڈیا پر سنسنی خیز خبروں کے باوجود نہ صرف دونوں اداکار خاموش ہیں بلکہ بچن خاندان نے بھی کسی قسم کی لب کشائی نہیں کی۔

install suchtv android app on google app store