مشتعل ہجوم نے معروف موسیقار کے گھر کو آگ لگادی

بنگلادیش میں  مشتعل ہجوم نے موسیقار راہول آنندا کا گھر لوٹ کر جلادیا۔ فائل فوٹو بنگلادیش میں مشتعل ہجوم نے موسیقار راہول آنندا کا گھر لوٹ کر جلادیا۔

بنگلادیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہوجانے کے بعد مشتعل ہجوم نے ہندو موسیقار راہول آنندا کے گھر کو لوٹ کر آگ لگادی۔

موسیقار، گیت نگار اور گلوکار راہول آنند ڈھاکا میں ’ جولر گان ‘ کے نام سے معروف لوک بینڈ چلارہے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مشتعل ہجوم نے ڈھاکا کے علاقے دھان منڈی 32 میں واقع موسیقار راہول آنندا کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔

اس دوران راہول آنندا، ان کی اہلیہ اور ان کا بیٹا بغیر کسی نقصان کے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے لیکن حملہ آوروں نے موسیقار کے گھر کو لوٹنے کے بعد آگ لگادی۔

رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم میں شامل افراد راہول آنندا کے گھر سے قیمتی سامان بشمول آنند کے ہاتھ سے بنے ہوئے 3000 سے زیادہ موسیقی کے آلات چراکر لے گئے اور پھر گھر کو آگ لگادی۔

راہول آنند کے قریبی خاندانی ذرائع نے بنگلا دیشی میڈیا سے گفتگوکے دوران بتایا کہ مشتعل ہجوم نے پہلے گھر کا گیٹ توڑا اور پھر گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ شروع کردی، مشتعل افراد فرنیچر، شیشوں سے لے کر قیمتی سامان تک سب کچھ لے گئے اور پھر گھر کو نذر آتش کردیا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں اور ان میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہوگئی ہیں۔

اس سے قبل مظاہرین نے کھلنا کے ضلع نڑائل میں واقع عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ اور بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو بھی آگ لگادی تھی۔

install suchtv android app on google app store