سندھ حکومت نے عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی رقم جاری کردی

سندھ حکومت نے عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی رقم جاری کردی فائل فوٹو سندھ حکومت نے عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی رقم جاری کردی

سندھ حکومت نے لیجنڈری کامیڈین، میزبان و اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے پاکستان سے امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس سے متعلق رقم جاری کردی۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں محکمہ خزانہ کے فنانس ڈویژن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام رقم ڈالرز میں جاری کی جائے۔

محکمہ صحت کی جانب سے ہدایات کی گئیں کہ عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس اور اس کی سروس کی مد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 69 ہزار 800 امریکی ڈالر جاری کیے جائیں۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ مذکورہ رقم عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 14 ستمبر کو جاری کیے گئے 4 کروڑ روپے کے فنڈ سے جاری کی جائے۔

ساتھ ہی محکمہ صحت نے فنانس ڈویژن کو ہدایات کیں کہ تمام رقم ’آن کال انٹرنیشنل ائیر ایمبولینس‘ کے اکاؤنٹ میں بھیجی جائے۔محکمہ صحت نے فنانس ڈویژن کو ایئر ایمبولینس سے متعلق دستاویزات بھی فراہم کیں۔

جاری کیے گئے دستاویزات کے مطابق ایئر ایمبولینس کا کرایہ ایک لاکھ 59 ہزار 800 ڈالر ہے جب کہ سروس کی مد میں بھی 10 ہزار ڈالر کے اخراجات آئیں گے۔دستاویزات سے معلوم ہوتاہے کہ ایئر ایمبولینس عمر شریف کو کراچی کے آغا خان ہسپتال سے اٹھاکرامریکا کی جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کرے گی۔

دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت نے عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی بکنگ 16 ستمبر کو کروائی، تاہم اس پر ایئر ایمبولینس کی روانگی کی تاریخ درج نہیں۔دوسری جانب سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو بھی ایئر ایمبولینس کے لیے فضائی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق خط لکھ دیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت سے ایئر ایمبولینس کو رقم کی ادائگی سے متعلق بھی مدد مانگی گئی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اب 21 ستمبر تک ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لے جانے کے لیے کراچی پہنچے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے عارضہ قلب کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ان کی بیماری سے متعلق دو روز قبل ڈاکٹر شہاب طارق نے بتایا تھا کہ ان کے دل کا ایک ’وال‘ کام نہیں کر رہا، جس وجہ سے دل میں جمع ہونے والا خون واپس پھیپھڑوں میں جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے یہ بھی بتایا تھا کہ عمر شریف کے ایک گردے میں بھی مسئلہ ہے جب کہ انہیں ذیابیطس بھی لاحق ہے۔ان کے مطابق عمر شریف کی سرجری کرکے ان کے دل کے دونوں ’والوں‘ کو آپس میں جوڑا جائے گا۔

عمر شریف نے رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی حکومت سے ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس سے متعلق مدد مانگی تھی، جس کے بعد سندھ حکومت نے ان کے علاج کے لیے 14 ستمبر کو چار کروڑ روپے کے فنڈ جاری کیے تھے۔

عمر شریف کے خاندان کو تین دن قبل ہی امریکا کے ویزے مل گئے تھے اور اب ایئر ایمبولینس کے لیے بھی رقم جاری کردی گئی۔

install suchtv android app on google app store