پنجاب حکومت کا مزدوروں کو خوشخبری، کم از کم ماہانہ اجرت میں 2 ہزارروپے کا اضافہ

ورکرز کی کم از کم ماہانہ اجرت میں 2 ہزارروپے کا اضافہ کردیا فائل فوٹو ورکرز کی کم از کم ماہانہ اجرت میں 2 ہزارروپے کا اضافہ کردیا

پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ورکرز کی کم از کم ماہانہ اجرت میں 2 ہزارروپے کا اضافہ کردیا۔

پنجاب مینیمم ویجز بورڈ نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت کارکنوں کی ماہانہ کم از کم اجرت 17500سے بڑھا کر 19500کر دی گئی اور کم از کم روزانہ اجرت 750 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔

پنجاب میں کم از کم اجرت کا تعین کرنے والے بورڈ نے نوٹیفکیشن کے حوالے سے فریقوں کو ایک ماہ میں اپنی تجاویز اور اعتراضات سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔

صوبائی وزیر لیبر پنجاب عنصر مجید خان نے اس بارے میں کہا کہ کم از کم اجرت میں اضافہ تحریک انصاف کی مزدور دوست پالیسیوں کا عکاس ہے، وزیر اعظم عمران خان کا ویژن کمزور اور پیسے ہوئے طبقہ کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں مزدوروں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، محکمہ لیبر پنجاب صوبہ کے مزدوروں اورانکے اہل خانہ کو صحت ،تعلیم اور رہائشی سہولیات فراہم کر رہا ہے، آئی ٹی ریفارمز سے محکمانہ امور میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے ڈپارٹمنٹ کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔

عنصر مجید خان کا کہنا تھا کہ مزدروں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرگودھا، تونسہ اور فیصل آباد میں سوشل سکیورٹی اسپتال قائم کئے جا رہے ہیں، رجسٹرڈ ورکرز کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کمپیوٹرآئزڈ سوشل سکیورٹی کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔

مزدوروں کے ذمہ 40 روپے ماہانہ کنٹری بیوشن ختم کرکے انہیں سالانہ 4.5 ارب کا ریلیف دیا، سوشل سکیورٹی جرمانے کی مد میں صنعتکاروں کو 5.5 ارب کا ریلیف دیا گیا ہے، پنجاب وکرز ویلفیئر کے 65 سکولوں میں مزدروں کے 55 ہزار بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

install suchtv android app on google app store