اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال

اوگرا فائل فوٹو اوگرا

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی۔

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے سبب ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے، اوگرا نے سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی پر تیار کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے سمری میں پیٹرول 16 روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز دی ہے، اوگرا کی سمری میں ڈیزل 14 روپے 75 پیسے تک مہنگا کرنے کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 21 روپے 4 پیسے لی جارہی ہے، ڈیزل پر موجود پیٹرولیم لیوی 22 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہے۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل ہر 15 روز میں کیا جاتا ہے، گزشتہ 45 دن سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

install suchtv android app on google app store