شہریوں کے لیے بڑی آسانی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے زبردست سہولت متعارف کرادی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو فائل فوٹو فیڈرل بورڈ آف ریونیو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن ٹیگس گوشوارے جمع کروانے والوں کے لیے آسان اور زبردست سہولت پیش کردی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے مالی سال 2020 کے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کے فارم ویب سائٹ پر جاری کردیے ہیں۔

انکم ٹیکس فارم کو تنخواہ دار اور چھوٹے طبقے کے تاجروں کے لیے مزید آسان اور سادہ کردیا گیا ہے کیونکہ اب ایسے افراد کو ریٹرن جمع کرانے کے لیے ایک صفحے پر ہی بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے ایف بی آرٹیکس کے آن لائن ویب پورٹل یا ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے داخل کرائے جا سکتے ہیں، ایک کروڑ تک ٹرن اوور والے تاجروں کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کا فارم نہایت سادہ مرتب کیا گیا ہے جبکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ فارم کو بھی پہلے سے آسان کردیا گیا تاکہ بغیر کسی پریشانی کے ریٹرن جمع کرائے جاسکیں۔

ایف بی آر ترجمان کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن رہنمائی کے ساتھ آسانی سے داخل کئے جا سکتے ہیں، ادارے نے شہریوں کی مشکلات اور الجھن کو مدنظر رکھتے ہوئے درکار معلومات کو نہایت ہی آسان فہم بنادیا ہے جس کے بعد اب انکم ٹیکس گوشوارے اسمارٹ فون کے ذریعے بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان نے بتایا کہ ’انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے پر ٹیکس گزاروں کی راہنمائی کے لئے اشتہاری کیمپین چلائی جائے گی جبکہ ٹیکس گزاروں کی رہنمائی کے لیے ویب سائٹ پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی گئی ہے جسے دیکھتے ہوئے آسانی کے ساتھ خود ریٹرن جمع کرائے جاسکتے ہیں‘۔

اس کے ساتھ ہی ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کے لیے تمام فیلڈ دفاتر میں سہولتی ڈیسک قائم کئے ہیں جبکہ سسٹم کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے تاکہ تیس ستمبر تک شہری آسانی کے ساتھ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرادیں۔

install suchtv android app on google app store