ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 1.70ارب ڈالر دینے کا فیصلہ

ایشیائی ترقیاتی بینک فائل فوٹو ایشیائی ترقیاتی بینک

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر فنڈز فراہم کرے گا، یہ رقم کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں صحت و دیگر شعبوں پر خرچ کی جائے گی۔

وزیر اقتصادی امور خسرو بحتیار کی صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ ورچوئل میٹنگ ہوئی، اے ڈی بی نے کرونا رسپانس کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر فراہمی کی یقین دہانی کرا دی۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اے ڈی بی 80 کروڑ ڈالر کی بجٹ سپورٹ رواں سال جون تک منظور کرے گا جبکہ مزید 90 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط دسمبر 2020ء تک فراہم کی جائےگی، یہ رقم خصوصی رعایتی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کرونا رسپانس کیلئے مالی تعاون فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف بھی پاکستان کو ایک ارب 39 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرچکا ہے، جبکہ عالمی برادری اور اداروں کی جانب سے گزشتہ قرضوں کی اقساط بھی منجمد کی جاچکی ہیں۔

اس سے قبل اے ڈی بی نے پاکستان کو مارچ میں 5 لاکھ ڈالر کی فوری امداد فراہم کی جبکہ 20 لاکھ ڈالر مزید دینے کی بھی منظوری دی تھی۔

install suchtv android app on google app store