سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، دو روز میں 2 کھرب سے زائد کا نقصان

سٹاک مارکیٹ فائل فوٹو سٹاک مارکیٹ

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی مندی کا تسلسل دیکھا گیا جس کے بعد 100 انڈیکس 285.28 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث رواں ہفتے کے پہلے دو دنوں کے دوران مندی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ گزشتہ روز 100 انڈیکس میں 1100 سے زائد پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے بعد سرمایہ کاروں کو 160 ارب سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

مندی کا تسلسل آج بھی سٹاک مارکیٹ میں دیکھا گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 285.28 پوائنٹس گر گئے جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 40 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دو دنوں کے ٹریڈنگ کے باعث سٹاک مارکیٹ میں 1385 پوائنٹس گر گئے جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 2 کھرب روپے سے زائد ڈوب گئے ہیں۔

آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 39000 کی نفسیاتی حد گر گئی تھی۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 38693.02 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر دیکھا گیا۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 285.28 پوائنٹس کی مندی کے بعد ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 38858.45 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

مندی کے باعث سٹاک مارکیٹ کی مزید تین حدیں گر گئی ہیں۔ گرنے والی حدوں میں 39100، 39000، 38900 کی حدیں شامل ہیں۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.73 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کی سب سے بڑی وجہ کرونا وائرس اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا فیصلہ ہے جس کے باعث انویسٹرز سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں اور دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

install suchtv android app on google app store