قومی معشیت کے لیے اچھی خبر، آئی ایم ایف کی 45 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قسط کی منظوری

  • اپ ڈیٹ:
آئی ایم ایف کی 45 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قسط کی منظوری فائل فوٹو آئی ایم ایف کی 45 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قسط کی منظوری

عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحاتی پروگرام درست سمت میں گامزن ہے اور اسکے ثمرات حاصل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

یہ بات آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے فنڈ کی سہولت کے توسیعی پروگرام کے تحت پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کے پہلے جائزے کی تکمیل کے بعد کہی۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام کی جانب سے پالیسی پر عملدرآمد کے فیصلہ کن اقدامات کی بدولت اقتصادی استحکام یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرمائے کی منڈی کی تعین کردہ شرح تبادلہ میں بہتری جبکہ مہنگائی میں کمی آرہی ہے جس کے باعث آبادی کے محروم ترین طبقے کے زیادہ تر افراد کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے سماجی تحفظ کا دائرہ بڑھانے، غربت کے خاتمے اور صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو بھی سراہا۔

ادھر آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ لیپٹن نے بجلی کے شعبے میں واجبات کے معاملے کے حل کےلئے پاکستان کے جامع پروگرام کو سراہا۔

ڈیوڈ لیپٹن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کاروبار کےلئے ماحول سازگار بنانے، نظم و نسق بہتر کرنے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات سے پاکستان کے سرکاری مالیاتی معاملات کو پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔

جائزہ پروگرام کی تکمیل سے پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے سے 45 کروڑ 25لاکھ ڈالر کی قسط ملے گی جس سے پاکستان کو عالمی ادارے سے ملنے والی مجموعی امداد ایک ارب چوالیس کروڑ ڈالر ہوجائے گی۔

install suchtv android app on google app store