وفاقی وزیر مراد سعید نے ملکی تاریخ کا تیز ترین ریکارڈ ریونیو حاصل کر لیا

وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید فائل فوٹو وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید

وفاقی وزیر مراد سعید نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور دونوں وزارتوں میں ملکی تاریخ کا تیز ترین ریکارڈ ریونیو حاصل کر لیا، وزارت مواصلات کا ریونیو 4 ماہ میں 9 ارب 54 کروڑ روپے تک جا پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کا ملکی اداروں کو خسارے سے نکال کر منافع بخش بنانے کا عزم، پاکستان پوسٹ اور وزارت مواصلات میں اربوں روپے کا منافع ریکارڈ کیا گیا، مراد سعید نے دونوں وزارتوں میں ملکی تاریخ کا تیز ترین ریکارڈ ریونیو حاصل کیا۔

وزارت مواصلات کا ریونیو 4 ماہ میں 9 ارب 54 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، ادارے میں احتساب کےعمل سے 4 ارب 32 کروڑ سےزائد کی وصولی ہوئی۔

پاکستان پوسٹ میں بھی ملکی تاریخ کا ریکارڈ ریونیو حاصل کیا اور 3ماہ میں انقلابی اقدامات سے ریونیو میں 184 فیصد تک کا اضافہ کیا۔

ایکسپورٹ پارسل، الیکٹرانک منی آرڈر اور ای کامرس پر عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہوا، ارجنٹ میل اور سیم ڈے ڈیلیوری سروس بھی ریونیو میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، سروسز کے آغاز کے چند دن میں پاکستان پوسٹ کو ایک ارب 17 کروڑ کی آمدن ہوئی۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے پاکستان پوسٹ میں ای کامرس سروس کا افتتاح کیا تھا، صارفین آن لائن شاپنگ اور کیش آن ڈیلیوری کی سہولت حاصل کر سکیں گے، مراد سعید کا کہنا تھا نئی سروس سے ادارہ معاشی خود کفالت کی طرف گامزن ہوگا۔

اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔

واضح رہے تحریک انصاف کی حکومت کے 100 دن پورے ہونے پر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا، جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔

مراد سعید نے 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی تھی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا تھا۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store