سی پیک پر ترقیاتی کام اہداف کے مطابق مکمل کرلیں گے: رزاق داؤد

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد فائل فوٹو وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہےکہ سی پیک پر کوئی تحفظات نہیں ہیں اور منصوبے پر ترقیاتی کام اہداف کے مطابق مکمل کرلیں گے۔

لاہور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کا عزم رکھتے ہیں، تجارتی خسارہ کم کرنا اولین ترجیح ہے، ایسے اقدامات کررہے ہیں جن سے درآمدات کم اور برآمدات زیادہ ہوں، برآمدات بڑھا کر ہی معاشی ترقی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اب بیرونی ادائیگیوں کا مسئلہ نہیں رہا، دوست ممالک نے سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے، آئی ایم ایف سے معاملات بہتر انداز میں طے کر لیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بیرونی دنیا سے بہتر اشارے مل رہے ہیں، برآمدی آرڈرز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک کا درجہ دینے کا کوئی پروگرام نہیں، ملکی معیشت کی بہتری میں وقت لگے گا کوئی شارٹ کٹ نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک میں انڈسٹری زونز کو بہتر بنانے جارہے ہیں، سی پیک پر کوئی تحفظات نہیں ہیں، منصوبے پر ترقیاتی کام اہداف کے مطابق مکمل کرلیں گے جب کہ چین کے ساتھ ایف ٹی اے ٹو کا معاملہ جون تک طے ہوجائیں گے۔

عبدالرزاق داؤد نے مزید کہا کہ پاکستان میں صلاحیت موجود ہے، سمت درست کررہے ہیں، ٹیکس نیٹ بڑھانا ناگزیر ہے، ٹیکس دیں گے تو ملک چلے گا۔

install suchtv android app on google app store