اوپن مارکیٹ میں روپیہ کی قدر میں مزید کمی ڈالر 116 تک پہنچ گیا

اوپن مارکیٹ میں روپیہ کی قدر میں مزید کمی ڈالر 116 تک پہنچ گیا فائل فوٹو اوپن مارکیٹ میں روپیہ کی قدر میں مزید کمی ڈالر 116 تک پہنچ گیا

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت اچانک بڑھ گئی اور ایک ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے تک کا اضافہ دیکھا گیا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 116 روپے تک پہنچ گئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 115 روپے 25 پیسے کا ہوگیا۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیمانڈ اور سپلائی کی وجہ سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا، تاہم اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے میں ضرورت پڑی تو اس پر تفصیلی بیان بھی جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد فاریکس ڈیلرز نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت روک دی ہے، فاریکس ڈیلرز کا کہنا تھا کہ جب تک مارکیٹ مستحکم نہیں ہوتی اوپن مارکیٹ میں ڈالر فروخت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے ہوا، تاہم اس معاملے کو بہتر کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوا تھا اور ڈالر 110 سے 111 روپے تک پہنچ گیا تھا، جس کا اثر مختلف اشیاء کی قیمتوں پر دیکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد مہنگائی کی سطح میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سمیت درآمد شدہ اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store