پی ایس ایکس میں مندی کا رجحان برقرار

پی ایس ایکس میں مندی کا رجحان برقرار فائل فوٹو پی ایس ایکس میں مندی کا رجحان برقرار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان جاری ہے جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 411 پوائنٹس کی کمی کے بعد 42 ہزار 942 پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس میں کاروباری روز کے آغاز میں ملا جلا ردعمل دیکھا گیا لیکن دیگر سیشنز میں منفی رجحان غالب آگیا۔ مارکیٹ میں کاروباری کی بلند ترین سطح 43 ہزار 451 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی جبکہ کم ترین سطح 42 ہزار 860 پوائنٹس رہی۔

پی ایس ایکس میں 7 ارب 60 کروڑ مالیت کے 21 کروڑ 95 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی لیکن گزشتہ روز 7 ارب 80 کروڑ مالیت کے 20 کروڑ 70 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا تھا۔

مجموعی طور پر 374 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے صرف 89 کے لین دین میں اضافہ ہوا جبکہ 268 کے کاروبار میں کمی تاہم 17 کمپنیوں کے کاروبار میں استحکام رہا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'سرمایہ کاروں نے پیرس میں اگلے ہفتے ہونے والے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ملاقات میں امریکا اور چند یورپی ممالک کی جانب سے پاکستان کو واچ لسٹ میں رکھنے کی تحریک کے پیش نظر احتیاط کا مظاہرہ کیا'۔

پی ایس ایکس میں مجموعی کاروبار میں مواصلات کا شعبہ 3 کروڑ 72 لاکھ حصص کے ساتھ سرفہرست اور کیمیکل اور ٹیکسٹائل کا شعبہ بالترتیب 2 کروڑ 41 لاکھ اور 2 کروڑ 36 لاکھ حصص کے ساتھ نمایاں رہا۔

کمپنیوں کے انفرادی کاروباری میں ایزگارڈ نائن ایک کروڑ 98 لاکھ حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، پی ٹی سی ایل ایک کروڑ 54 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، فوجی فوڈز لمیٹڈ ایک کروڑ 40 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے جبکہ لوٹے کیمیکل ایک کروڑ 7 لاکھ اور ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 93 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر تھیں۔

install suchtv android app on google app store