اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا منفی آغاز

پی ایس ایکس میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر منفی رجحان فائل فوٹو پی ایس ایکس میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر منفی رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 598 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مندی کے باعث 100 انڈیکس 38 ہزار 482 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ سیشن کے ابتدائی چند منٹوں میں انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 39 ہزار 437 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا۔

تاہم مارکیٹ میں مثبت رجحان زیادہ دیر نہ رہا اور سیشن کے اختتام کے تک اس میں مندی دیکھی گئی اور ایک موقع پر انڈیکس 38 ہزار 375 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی پہنچا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ میں روپے کی قدر میں حالیہ کمی، سیاسی غیر یقینی کی صورتحال اور نئی حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر سینیٹ میں ڈیڈلاک کے باعث عام انتخابات مقررہ وقت پر نہ ہو پانے کے خدشات کو مارکیٹ میں منفی رجحان کی وجہ قرار دیا گیا۔

مارکیٹ میں 12 کروڑ 94 لاکھ حصص کا لین دین ہوا جن کی مالیت 5 ارب 90 کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 361 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 52 کی قدر میں اضافہ، 294 کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کاروباری حجم کے لحاظ سے مواصلات کا شعبہ نمایاں رہا جس میں 2 کروڑ 82 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

install suchtv android app on google app store