اسٹاک مارکیٹ میں مندی، 100 انڈیکس میں 196 پوائنٹس کی کمی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان جاری ہے اور نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 196 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

مندی کے باعث 100 انڈیکس 41 ہزار 240 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی منفی رجحان رہا اور دن کی کم ترین سطح 41 ہزار 142 پوائنٹس رہی۔

الیگزر سیکیورٹیز کے بیان میں کہا گیا کہ ’مارکیٹ مجموعی طور پر سست روی کا شکار رہی اور اداروں اور ریٹیل سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری میں کم دلچسپی دیکھی گئی جس کے باعث کے ایس ای آل انڈیکس کا ٹرن اوور صرف 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا، جو مئی 2015 کے بعد کم ترین ہے۔

جے ایس گلوبل کیپیٹل کے مطابق ’مارکیٹ کے منفی رجحان کو ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس کے ششماہی جائزے سے سرمایہ کاروں کی طرف سے محتاط حکمت عملی سے منسوب کیا جاسکتا ہے۔

حصص مارکیٹ میں مجموعی طور پر 8 کروڑ 74 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 3 ارب 70 کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 347 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 115 کی قدر میں اضافہ، 205 کی قدر میں کمی اور 27 کی قدر میں استحکام رہا۔

کاروباری حجم کے لحاظ سے مواصلات کا شعبہ نمایاں رہا جس میں ایک کروڑ 54 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

install suchtv android app on google app store