پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی ریکارڈ تیزی کا رجحان برقرار ہے، ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 738 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی بُلند ترین سطح پر موجود ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 738 پوائنٹس یا 0.82 فیصد بڑھ کر 90 ہزار 732 پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 110 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 90 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا۔
تاہم کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 6 پوائنٹس کے فرق سے 90 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کیے بغیر 1047 پوائنٹس کے اضافے سے 89 ہزار 994 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے کہا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ نے حالیہ تاریخ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور انڈیکس 38 ہزار سے 90 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا، یہ دو برس سے بھی کم عرصے میں 137 فیصد اضافہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تیز رفتار تیزی 2010 میں دیکھی گئی تھی، جب عالمی مالیاتی بحران کے بعد مارکیٹ صرف 2 سالوں کے اندر دوگنا بڑھ گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 90 ہزارپوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارک باد پیش کی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ مارچ 2024 سے اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی، 14سال بعد اسٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔