انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں مسلسل 8 روز تنزلی کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام کی منظوری ملنے کے بعد ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی کی پیشگوئیوں، ایکسپورٹرز کی جانب سے اپنی برآمدی ترسیلات بڑھانے اور سسٹم میں زرمبادلہ کی رسد میں بہتری کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں بتدریج اضافے کے رحجان، زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 10 ارب 50 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرنے جیسے عوامل سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے کے دوران ڈالر تنزلی سے دوچار رہا اور ایک موقع پر ڈالر کی قدر 19پیسے کی کمی سے 277روپے 47پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
انٹربینک مارکیٹ میں سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ میں درآمدی نوعیت کی طلب میں اضافہ ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ پانچ پیسے کی کمی سے 277روپے 63پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔
دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں مسلسل 8ویں روزہ وقفے کے بعد روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا، جس کے نتیجے میں ڈالر کے اوپن ریٹ چار پیسے کے اضافے سے 279روپے 88 پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔