وزیر خزانہ کا پاکستان کو 5 سال میں سود سے پاک کرنے کا دعویٰ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار فائل فوٹو وزیر خزانہ اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 5 سال میں سود سے پاک کر سکتے ہیں۔

سود کی حرمت کے حوالے سے کراچی میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں کوشش کی جارہی ہے کہ ہرشخص کوبینکاری نظام سے منسلک کیا جائے، بینکاری کا نظام زندگی کی ضرورت بن چکا ہے اور بینکاری نظام کے ذریعے شفاف لین دین کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور شرعی عدالت کے حرم سود سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، اسلامی بینکاری نظام کے حوالے سے آج ہم وہاں کھڑے ہیں جہاں 2018 میں کھڑے تھے، اگر ہم خلوص نیت سے صرف اللہ کی رضا کے لیے فیصلہ کریں تو 5 سالوں میں ملک سے سود کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں اسلامی بینکاری 20 سے 21 فیصد ہو چکی ہے اور اسلامی بینکنگ کے اثاثے 7 ٹریلین روپے کی سطح پر ہیں، اسلامی بینکنگ کی پراڈکٹس کو سستا کرنا ہو گا، میوچل فنڈز اور انشورنس کو اسلامی بنیاد پر لانا ہو گا، اسلامک بینکوں کو کنونشل بینکوں سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کی تھیں جو واپس لے لی گئیں، اسلامی بینکاری کے لیے اسٹیٹ بینک کام کرے گا، سیمینار کی قرار دادیں وزیراعظم کے ساتھ بھی شیئر کروں گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا پاکستان کو کرنٹ اکاؤنٹ اور بجٹ خسارے کا بھی سامنا ہے، ہم آمدنی سے زیادہ خرچہ کرنے کے عادی بن چکے ہیں، ہمیں آمدنی بڑھانی ہوگی اور خرچوں کوکم کرنا ہوگا۔

install suchtv android app on google app store