وفاق کی جانب سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر پرویزالہٰی کا اظہار تشویش

چوہدری پرویزالہٰی فائل فوٹو چوہدری پرویزالہٰی

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے وفاق کی طرف سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش کیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں گندم کے موجودہ اسٹاک اور دیگر امور کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، وزیرخوراک سردار حسنین بہادر دریشک، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں فاسفیٹ، گندم کے بیج اور درآمدی گندم پر سبسڈی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب نے خود ادائیگی کرکے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے کی اجازت طلب کی تھی، سندھ اور دیگرصوبوں کو وفاق کی طرف سے امپورٹ کردہ گندم فراہم کی جاچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سے اسلام آباد کو بدستور16ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کر رہا ہے، پنجاب میں مختلف وجوہات کی بنا پر رواں سال میں گندم کا سٹاک نسبتاً کم ہے تاہم پنجاب میں گندم کی قلت پیدا کرنے کی مذموم کاوش کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف (ن) لیگ کو پنجاب سے نکالنے کا بدلہ عوام سے لینے کی سازش کررہے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store