ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی، کاروباری پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا گیا

بازار فائل فوٹو بازار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں بدتریج کمی کے بعد کاروباری پابندیوں میں نرمی کر دی۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں جم کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی نے جم کے تمام ممبرز کےلیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی ہے۔

مزید یہ کہ این سی اوسی نے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن مہم 3 حصوں میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل سرکاری اورغیرسرکاری ملازمین کیلئے لازمی ہوگا۔

این سی او سی نے تمام ملازمین کو 30 جون تک کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے ہفتے میں چھ دن رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔

18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہو گی۔

این سی او سی نے دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بڑھا کر واپس 100 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش 50 سے بڑھا کر 70 فیصد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store