جنسی اسکینڈل میں معطل برطانوی رکن پارلیمنٹ کی ’خود کشی‘

 کارل سارجنٹ فائل فوٹو کارل سارجنٹ

برطانیہ میں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں لیبر پارٹی سے معطل کیے جانے والے اپوزیشن رہنما اور سابق وزیر مردہ حالت میں پائے گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ویلز سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ سابق وزیر کارل سارجنٹ کی لاش شمالی ویلز کے علاقے میں اپنے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کارل سارجنٹ نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جار رہی ہیں۔

یاد رہے کہ لیبر پارٹی نے چند روز قبل تین خواتین کی جانب سے غیر اخلاقی حرکات کا الزام عائد کرنے پر کارل سارجنٹ کی رکنیت معلطل کر دی تھی۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کارل سارجنٹ اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔

برطانوی اپوزیشن رہنما اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کاربن نے واقعے کو انتہائی خوفناک اور حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری تمام تر ہمدردیاں کارل کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔

سابق برطانوی وزیر کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارل کے انتقال کے باعث ہونے والا ناقابل تلافی نقصان لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق کیس نے برطانیہ کی سیاست میں بھونچال مچا رکھا ہے۔

جنسی اسکینڈل میں برطانوی حکمران جماعت ٹوری پارٹی کے 8 اور اپوزیشن لیبر پارٹی کے 3 اراکین پارلیمنٹ زیر عتاب ہیں۔

برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے اس حوالے سے گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس بلا کر سیاستدانوں کے اسٹاف کے تحفظ سے متعلق تفصیلی مشاورت کی۔

وزیراعظم ٹریزامے کے نائب سمجھے جانے والے رکن پارلیمنٹ ڈیمین گرین پر بھی کیٹ مالٹبی نامی برطانوی خاتون شہری کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے اور غیر اخلاقی پیغامات بھیجنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

ڈیمین گرین نے کیٹ مالٹبی کی جانب سے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ افسوس ہے کہ مجھ پر الزامات ایسے شخص کی جانب سے لگائے گئے جسے میں اپنا قریبی دوست سمجھتا تھا‘‘۔

برطانوی وزیراعظم سیاستدانوں کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات کی تحقیقات کا حکم بھی دے چکی ہیں۔

install suchtv android app on google app store