کابل: امریکی میزائل ہدف کے بجائے گھر پر جاگرا، شہری ہلاک، 11 زخمی

کابل: امریکی میزائل ہدف کے بجائے گھر پر جاگرا، شہری ہلاک، 11 زخمی کابل: امریکی میزائل ہدف کے بجائے گھر پر جاگرا، شہری ہلاک، 11 زخمی

افغان دارالحکومت کابل میں ایک امریکی فضائی حملے کے دوران فائر کیا گیا میزائل اپنے ہدف کے بجائے ایک گھر پر جاگرا۔ اس حملے میں کم از کم 1 شہری ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔ نیٹو نے اس واقعہ کی تصدیق کر دی ہے۔

کابل سے جمعرات 28 ستمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ہندوکش کی اس ریاست میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے عسکری امدادی مشن کی طرف سے بتایا گیا کہ افغان دارالحکومت میں عسکریت پسندوں کے خلاف یہ فضائی آپریشن امریکی فضائیہ کر رہی تھی جس کے دوران فضا سے افغان زمینی دستوں کی مدد کی جا رہی تھی۔

بدھ کو رات گئے جاری کردہ نیٹو کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ کل جب امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ اپنے ایک اچانک دورے پر کابل پہنچے تھے اس کے فوری بعد عسکریت پسندوں نے کابل کے ہوائی اڈے کے فوجی حصے کی طرف کئی راکٹ فائر کیے تھے۔

بیان کے مطابق ان راکٹ حملوں کے بعد افغان آرمی کے دستوں اور ان کی مدد کرنے والی امریکی فضائیہ نے کابل میں اپنا ایک آپریشن شروع کر دیا جس دوران فائر کیے جانے والے میزائلوں میں سے ایک کابل کے رہائشی علاقے میں مکان پر جا گرا۔

مغربی دفاعی اتحاد کے بیان کے مطابق’بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک میزائل نے درست کام نہ کیا اور اپنے ہدف کے بجائے ایک گھر پر جا گرا۔‘نیٹو کی طرف سے اس حملے میں ہلاکتوں یا زخمی ہونے والوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تاہم کابل پولیس کے مطابق اس امریکی میزائل کے افغان دارالحکومت میں ایک مکان پر گرنے کے نتیجے میں کم از کم 1 شہری ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔

اپنے ہی گھر میں اچانک اس میزائل حملے کی زد میں آجانے والوں میں سے اکثر کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران جس کا ہدف طالبان عسکریت پسند تھے کم از کم 4 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کابل پولیس کے مطابق شہر میں شدت پسندوں کے خلاف یہ زمینی اور فضائی کارروائی 7 گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک جاری رہی۔

install suchtv android app on google app store