کابل: نیٹو قافلے پر خودکش دھماکا، 3 افغان شہری زخمی

کابل: نیٹو قافلے پر خودکش دھماکا، 3 افغان شہری زخمی فائل فوٹو کابل: نیٹو قافلے پر خودکش دھماکا، 3 افغان شہری زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو قافلے پر ہونے والے خود کش کار بم دھماکے میں 3 افغان شہری زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے کابل کے مغربی حصے میں ہونے والے خود کش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ ’صبح 11 بجے ایک خود کش بمبار نے کار میں موجود بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کا نشانہ غیر ملکی فورسز کا قافلہ تھا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’بد قسمتی سے دھماکے کے نتیجے میں 3 افغان شہری زخمی ہوئے‘۔

بعد ازاں نیٹو فورسز کے تربیت اور مدد مشن کے ترجمان بل سالوین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دھماکے میں نیٹو فورسز کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فورسز نے موقع پر پہنچ کر دھماکے میں متاثر ہونے والی گاڑی کو بحال کیا‘۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اس کا ریزولوٹ سپورٹ آپریشنز پر اثر نہیں ہوگا‘۔

علاوہ ازیں طالبان نے سماجی رابطے کہ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ مذکورہ دھماکے میں 16 کے قریب امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں تاہم فوج نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان میں اس وقت 13 ہزار غیر ملکی اہلکار موجود ہیں جس میں 8ہزار 4 سو امریکی فوجی شامل ہیں جبکہ افغان سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لیے مزید 3 ہزار غیر ملکی اہلکاروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں نیٹو اور امریکی فورسز افغان فورسز کی تربیت اور طالبان کے خلاف ان کے جاری آپریشنز کی نگرانی کررہی ہیں۔

اس سے قبل 13 ستمبر کو کابل کے اسٹیڈیم میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store