انجیلا مرکل چوتھی بار جرمنی کی چانسلر منتخب

انگیلا میرکل فائل فوٹو انگیلا میرکل

انجیلا مرکل انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے چوتھی بار جرمنی کی چانسلر منتخب ہوگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں ہونے والے فیڈرل الیکشن میں انجیلا مرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی (سی ڈی یو) اور اس کی اتحادی جماعت کرسچین سوشل یونین نے مجموعی طور پر 32.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

ایگزٹ پول کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے 20 فیصد جب کہ مسلم مخالف دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹو فار جرمنی نے 13.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ان انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مقبولیت میں سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی حالانکہ وہ گزشتہ حکومت میں حکمراں جماعت کے ساتھ اتحادی تھی تاہم اب اسے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنا ہوگا۔

انتخابات سے قبل توقع کی جارہی تھی کہ الٹرنیٹو فار جرمنی کو زیادہ ووٹ نہیں ملیں گے البتہ وہ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری جس کا مطلب یہ ہے کہ جرمن پارلیمنٹ میں اسے بھی پہلی بار نشست ملے گی۔ انتخابات کے حتمی نتائج آنے کے بعد انجیلا مرکل کو حکومت قائم کرنے کے لیے نئے اتحادیوں کی تلاش ہوگی اور اتحادی حکومت قائم ہونے میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ انجیلا مرکل 2005 سے اب تک جرمنی کی چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں اور انہیں دنیا کی طاقتور ترین خاتون کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔

install suchtv android app on google app store