Fri 17 November 2017

مودی پاکستان پر الزامات لگانے سے گریز کریں: چین

ہواچن ینگ فائل فوٹو ہواچن ینگ

بھارتی وزیر اعظم برکس اجلاس میں اپنا سابق طرز عمل دہرانے کی کوشش نہ کریں، چین اپنے اتحادی پاکستان کا دفاع کریگا، کانفرنس کی ناکامی کا اندیشہ ہے۔

چین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزامات کے اعادہ سے گریز کریں۔ برازیل، روس، چین، بھارت اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ کے سربراہان کا اجلاس3 تا 5 ستمبر چین کے شہر شیامن میں ہوگا۔

ہواچن ینگ نے دارالحکومت بیجنگ میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال بھارتی شہر گوا میں ہونے والے آٹھویں برکس سربراہ اجلاس میں بھی اس موضوع کو زیر بحث لانے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات عائد کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی 9 ویں اجلاس کے موقع پر اس طرزعمل کے اعادے سے گریز کریں کیونکہ ایسی صورت میں کانفرنس کی ناکامی کا اندیشہ ہے۔

چینی ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کی طرف سے گذشتہ سال کے طرزعمل کے اعادے کی صورت میں چین اپنی قریبی اتحادی پاکستان کا دفاع کریگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس سال منعقد ہونے والے برکس سربراہ اجلاس کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔

اجلاس میں یہ موضوع غیر متعلقہ ہوگا اور تمام متعلقہ فریقوں کو اس اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے چین سے قریبی تعاون کرنا چاہئے۔

چینی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے انسداد کی کوششوں میں صف اول کے ممالک میں شامل ہے۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.