قطر کا سعودی عرب کی جانب سے سرحد کھولنے کا خیر مقدم

قطر کا سعودی عرب کی جانب سے سرحد کھولنے کا خیر مقدم فائل فوٹو قطر کا سعودی عرب کی جانب سے سرحد کھولنے کا خیر مقدم

قطر نے سعودی عرب کی جانب سے کئی ہفتوں سے بند سرحد کو عازمین حج کے لیے کھولنے والے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

یورپی ملک سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں پریس کانفرنس کے دوران قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن التھانی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قطر میں رہنے والے یا قطر سے آنے والے عازمین کو حج کرنے سے روکنے کا فیصلہ سیاسی تھا، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ اب عازمین حج کو اجازت دینا بھی ایک سیاسی فیصلہ ہے، مگر یہ دوسری سوچ سے کیا گیا فیصلہ ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ نے سعودی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے لیے دوسرے درجے کی راہ اختیار کی گئی، تاہم اب ہمارے شہری حج کے فرائض ادا کر سکیں گے۔

محمد بن عبدالرحمٰن نے کہا کہ ہمارا اب بھی یہ مطالبہ ہے کہ حج کے معاملے کو سیاست سے دور رکھا جائے، مذہبی معاملات کو سیاسی مسائل سے نہ ملایا جائے۔

خیال رہے کہ سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 17 اگست کو قطر سے منسلک سلوا سرحد کوعازمین حج کے لیے کھولنے کا حکم دیا تھا۔

قطر اور سعودی عرب کی یہ سرحد سعودیہ کے شہر مکت المکرمہ سے ملتی ہے، جہاں آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی پیدائش ہوئی، اور وہاں کئی مقدس اسلامی مقامات ہیں۔

مزید جانئیے: شاہ سلمان کا قطری عازمین حج کو اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان

دونوں ممالک کے درمیان زمینی سرحد گزشتہ 2 ماہ سے بند تھی، سعودی حکومت نے قطر پر دہشت گردوں کی معاونت کے الزامات کے تحت سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے سرحد کو سیل کردیا تھا۔

رواں برس 5 جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے، دوحہ سے ہوائی رابطے بھی منقطع کردیے تھے۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے سمیت ایران سے قریبی تعلقات کا الزام لگایا تھا، تاہم دوحہ نے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ سرحد کھولنے کا اعلان اس وقت کیا، جب شیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاثم التھانی کی سربراہی میں قطری وفد نے 16اگست کو شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

قطر کے وزیر خارجہ کے مطابق شیخ عبداللہ بن علی نے سعودی شہزادے سے ذاتی ملاقات کی، انہوں نے یہ ملاقات دوحہ حکومت کی ہدایات پر نہیں کی۔

install suchtv android app on google app store