ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی 'اعزازی شہری' بن گئیں

ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی 'اعزازی شہری' بن گئیں ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی 'اعزازی شہری' بن گئیں

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے کے اعتراف میں کینیڈا کی اعزازی شہریت سے نواز دیا گیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی نے بدھ کے روز کینیڈین پارلیمنٹ میں شہریت دینے کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر ملالہ یوسف زئی نے کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب بھی کیا اور وہ کینیڈا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی کم عمر ترین شخصیت بن گئیں۔

رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی اعزازی شہریت حاصل کرنے والی دنیا کی چھٹی اور کم عمر تین شخصیت ہیں۔

ملالہ یوسف زئی کے لیے منعقد کی گئی اس خصوصی تقریب میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھی موجود تھے جنہوں نے ملالہ کو کینیڈین شہریت کا فریم کیا ہوا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو یہ اعزاز 2014 میں حاصل کرنا تھا تاہم جس روز تقریب شیڈول تھی اس روا کینیڈین پارلیمنٹ پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔

اخبار دی گلوب اینڈ میل کی رپورٹ کے مطابق اعزازی شہریت ملنے کے بعد ملالہ یوسف زئی نے کینیڈین پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ 'یہ صرف اعزازی شہریت نہیں بلکہ یہ کینیڈا سے دوستی کا پیغام بھی ہے اور میں کھلے دل کے ساتھ اسے قبول کرتی ہوں'۔

ملالہ نے مزید کہا کہ 'میں لڑکیوں کی تعلیم، انسانیت، مہاجرین، امن اور عورتوں کے حقوق کے حوالے سے کینیڈا کے عزم کی معترف ہوں'۔

ملالہ نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ دنیا کے لیے ایک حقیقی مثال ہیں کہ انسانیت کے لیے کھڑے ہونے کا کیا مطلب ہوتا ہے، مجھے امید ہے کہ آپ دیگر ممالک کو بھی متاثر کریں گے اور دنیا کے کئی حکمران آپ کے نقش قدم پر چلیں گے'۔

یاد رہے کہ 2014 میں اس وقت کے کینیڈین وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے ملالہ کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی ملالہ کو نوبل کا امن ملنے کے بعد کیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اُس وقت ان کی عمر صرف 15 برس تھی، انھیں خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی کو ابتدائی طور پر پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تھی تاہم بعد میں انھیں برطانیہ کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

انھیں 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے پر ہندوستان کے کیلاش ستھیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔

انھیں نوبیل پرائز کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز جیسے ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

حال ہی میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے انھیں اپنا سفیر برائے امن مقرر کیا تھا جس کے بعد 19 سالہ ملالہ یوسف زئی یہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی اور تاریخ کی کم عمر ترین شخصیت بن گئی تھیں۔

install suchtv android app on google app store