افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ القاعدہ رہنما قاری یاسین ہلاک

افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ فائل فوٹو افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ

افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ رہنما قاری یاسین ہلاک ہو گیا ہے، پینٹاگان نے بھی تصدیق کر دی، پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

امریکی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے سینیر رہنما قاری یاسین کو افغانستان میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پینٹاگون سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فضائی کارروائی پکتیکا صوبے میں کی گئی۔

قاری یاسین پر متعدد حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام تھا۔ جس میں دو امریکی فوجی اہلکاروں سمیت 50 سے زیادہ شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ قاری یاسین پر 2009 کو لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے۔

اس حملے میں چھ پاکستانی پولیس جاں بحق ہوئے تھے۔ اس موقع پر امریکی وزیرِ دفاع جیمز میتھس کا کہنا تھا کہ قاری یاسین کی ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے انصاف سے بچ نہیں سکتے۔

قاری یاسین کا تعلق پاکستان کے صوبے بلوچستان سے بتایا جاتا ہے۔ پاکستانی دفترِ خارجہ متعدد بار یہ موقف اختیار کر چکا ہے کہ پاکستان کے اندر حملے کرنے والے دہشتگردوں نے افغانستان میں پناہ لے رکھی ہے اور قاری یاسین کی افغانستان میں ہلاکت بظاہر اس دعوے کا ثبوت ہے۔

install suchtv android app on google app store