لندن میں دہشتگردی کے واقعے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک، 20 زخمی

لندن میں پولیس ہائی الرٹ پر ہے لندن میں پولیس ہائی الرٹ پر ہے

برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے دہشت گردی کے واقعے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لندن میں پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے ویسٹ منسٹر پل پر کار میں سوار حملہ آور پیدل افراد کو کچلتا ہوا پارلیمنٹ کی عمارت تک جا پہنچا اسی دوران کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

حملہ آور نے پل عبور کرنے کے بعد پارلیمنٹ کی طرف جانے کی کوشش کی جہاں پولیس اہلکار کی جانب سے روکنے کی کوشش پر حملہ آور نے چاقووں کے وار سے پولیس آفیسر کی جان لے لی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے قریب ویسٹ منسٹرپل پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جس کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور پارلیمنٹ کے احاطے کی جانب دوڑتے چاقو بردارشخص کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے پارلیمنٹ کی جانب آنے والے تمام راستوں کو سیل کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے کوئی بھی شخص باہر نہ آئے۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد ایک خاتون نے پل سے تھامس دریا میں چھلانگ لگا دی تھی جسے بحفاظت نکال لیا گیا تاہم انہیں معمولی چوٹیں آئیں جب کہ ایک خاتون بس کے نیچے آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ضروری طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں اور خاتون کی لاش کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور ایک تھا جس نے پہلے ویسٹ منسٹر پل پر لوگوں کو اپنی گاڑی سے ٹکریں ماریں جس کے بعد پارلیمنٹ کی راہداریوں تک پہنچنے کی کوشش کی جب کہ مرنے والوں میں ایک پولیس آفیسر، خاتون اور راہگیر شامل ہے۔ ادھر فائرنگ کے وقت وزیراعظم تھریسامے اپنی گاڑی میں پارلیمنٹ پہنچی ہی تھیں جن کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور دیگر ارکان بھی بحفاظت ایوان میں موجود ہیں۔

install suchtv android app on google app store