شام: امریکی اتحاد کی اسکول پر بمباری، 33 افراد جاں بحق

شام: امریکی اتحاد کی اسکول پر بمباری، 33 افراد جاں بحق شام: امریکی اتحاد کی اسکول پر بمباری، 33 افراد جاں بحق

شام میں شدت پسند تنظیم داعش کے زیر قبضہ علاقے میں امریکی اتحاد کی فضائی بمباری کے نتیجے میں 33 شہری جاں بحق ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کی جانب سے جاری بیان میں بتایا کہ داعش کے خلاف امریکا کی سربراہی میں قائم ہونے والے عالمی اتحاد کے جنگی طیاروں نے بے گھر افراد کی پناہ کے لیے استعمال ہونے والے اسکول کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ شام کے شمالی صوبے رقہ میں داعش کے زیر قبضہ علاقے المنصورہ میں منگل کے روز ایک اسکول میں کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب بدھ کے روز 68 قوموں پر مبنی عالمی اتحاد کے اعلیٰ عہدے دار واشنگٹن میں ملاقات کرنے والے ہیں جو شام میں داعش کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

منگل کے روز جس اسکول کو نشانہ بنایا گیا اسے بے گھر ہونے والے افراد کی پناہ کے لیے استعمال کیا جارہا تھا اور یہ رقہ کے مغرب میں 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔

شامی آبزرویٹری کے سربراہ رمی عبدالرحمٰن نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسکول پر ہونے والے حملے میں 33 شہری جاں بحق ہوئے جن میں رقہ، حلب اور حمص سے بے گھر ہونے والے افراد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی اتحاد نے کہا تھا کہ شام اور عراق میں اس کے غیر دانستہ حملوں میں تقریباً 220 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں تاہم دیگر مبصر تنظیموں کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

install suchtv android app on google app store