صومالیہ میں دھماکا، 39 افراد ہلاک

صومالیہ میں دھماکا، 39 افراد ہلاک صومالیہ میں دھماکا، 39 افراد ہلاک

افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے کار بم دھماکے میں 39 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ دھماکا موغادیشو کے ایک معروف کاروباری مرکز کے باہر ہوا۔

ڈسٹرکٹ کمشنر احمد عبداللہ نے بتایا کہ 'دھماکا ایک کار کے ذریعے اس وقت کیا گیا جب لوگوں کی بڑی تعداد مارکیٹ میں موجود تھی'۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک قصائی نے بتایا کہ 'کوئی اپنی گاڑی کپڑوں کے دکان کے سامنے کھڑی کرکے گیا تھا جس کے تھوڑے ہی دیر بعد دھماکا ہوگیا'۔

واضح رہے کہ صومالیہ میں 8 فروری کو محمد عبداللہ محمد صدر منتخب ہوئے تھے اور ان کے منتخب ہونے کے بعد صومالیہ میں ہونے والا یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔

یہ دھماکا صومالیہ میں سرگرم شدت پسند تنظیم الشباب کی جانب سے نو منتخب صدر کو 'لادین' قرار دیتے ہوئے ان کی حکومت کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہوا۔

واضح رہے کہ صومالیہ میں القاعدہ کی ذیلی شدت پسند تنظیم 'الشباب' کی جانب سے اکثر و بیشتر حملے کیے جاتے رہتے ہیں۔

صومالیہ ان 7 مسلم ممالک میں سے ایک ہے جن کے شہریوں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

گزشتہ برس جولائی میں بھی صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے 2 خود کش دھماکوں میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جنوری 2016 میں بھی موغادیشو کے ایک ہوٹل پر ’الشباب‘ کے حملے میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

صومالیہ کی 22 ہزار سے زائد فورسز الشباب کے خلاف سرگرم عمل ہیں، جس نے 2011 میں موغادیشو میں کارروائیوں کا آغاز کیا اور جو اب بھی حکومتی فورسز کے لیے ایک بڑا خطرہ تصور کی جاتی ہے۔

install suchtv android app on google app store