ہیلری کی اہلیت اوباما اور بل کلنٹن سے بھی زیادہ؟

صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن اور امریکی صدر اوباما حامیوں کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں رائٹرز صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن اور امریکی صدر اوباما حامیوں کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں

امریکی صدر باراک اوباما نے حتمی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ہونے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے کنونشن سے خطاب میں سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی کھل کر حمایت کی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں ہونے والے کنونشن سے خطاب میں اوباما نے کہا کہ 'امریکی تاریخ میں کوئی ایسا مرد یا عورت نہیں گزری، نہ میں اور نہ ہی بل کلنٹن جو عہدہ صدارت کے لیے اتنا اہل ہو جتنی ہیلری کلنٹن ہیں۔'

انہوں نے ہال میں موجود ڈیموکریٹ پارٹی کے حامیوں سے کہا کہ 'میں آج آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ ہیلری کلنٹن کےلیے بھی وہ کریں جو آپ نے میرے لیے کیا تھا، میں آپ سے کہتا ہوں کہ جس طرح آپ نے مجھے وائٹ ہاؤس تک پہنچایا ہیلری کو بھی پہنچائیں۔'

صدر اوباما کا خطاب ختم ہوتے ہی ہیلری کلنٹن غیر متوقع طور پر اسٹیج پر پہنچ گئیں اور اوباما سے بغل گیر ہوگئیں، دونوں رہنماؤں کو اسٹیج پر ایک ساتھ دیکھ کر حاضرین نے تالیاں بجانا شروع کردیں اور ہیلری اور اوباما کے حق میں نعرے لگائے۔

شیڈول کے مطابق ہیلری کلنٹن کو کنونش کے آخری روز اسٹیج پر آنا تھا اور ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے اپنی نامزدگی کی تصدیق کرنی تھی لیکن وہ اوباما کا خطاب سن کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور دوڑ کر اسٹیج پر آگئیں۔

یاد رہے کہ اوباما اور ہیلری کلنٹن 2008 کے صدارتی انتخاب میں ایک دوسرے کے مدمقابل تھے لیکن صدر منتخب ہونے کے بعد اوباما نے ہیلری کو وزیر خارجہ مقرر کردیا تھا۔

'امریکا پہلے ہی عظیم ملک ہے'

اپنے خطاب میں صدر اوباما نے مزید کہا کہ وہ امریکا کے مستقبل کے حوالے سے پہلے سے کہیں زیادہ پر امید ہیں۔

اوباما نے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی نعرے 'امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں' پر بھی تنقید کی اور کہا 'امریکا تو پہلے ہی دنیا کا ایک عظیم ملک ہے، امریکا پہلے ہی مضبوط ہے اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہماری طاقت اور ہماری عظمت ڈونلڈ ٹرمپ کی محتاج نہیں۔'

اوباما کا خطاب سن کر ہال میں موجود ان کے ایک حامی نے باآواز بلند کہا 'اوباما تاریخ کے بہترین صدر ہیں'، یہ سن کر دیگر حامیوں نے بھی یہی نعرہ دہرایا۔

اوباما نے تقریر میں اپنے دور اقتدار کی نمایاں کامیابیوں کا بھی ذکر کیا جن میں اقتصادی بحران سے نمٹنا، اوباما ہیلتھ کیئر اور القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت شامل ہیں۔

ٹرمپ، ہیلری کلنٹن سے آگے

رائے عامہ کے تازہ ترین عوامی جائزے میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ہیلری کلنٹن پر سبقت حاصل ہے۔

رائٹرز اور عالمی تحقیقاتی ادارے Ipsos کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے جائزے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو ہیلری کلنٹن پر دو پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

مئی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مقبولیت میں سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے آگے نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

نائب صدر کے لیے ہیلری کلنٹن کے نامزد کردہ امریکی سینیٹر ٹیم کین نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ تباہی پھیلانے والے شخص ہیں اور عہدہ صدارت کے لیے قابل اعتماد نہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخاب 8 نومبر 2016 کو ہوگا جس میں ہیلری کلنٹن کا مقابلہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا اور جیتنے والا امیدوار گزشتہ 8 برس سے عہدہ صدارت پر براجمان باراک اوباما کی جگہ لے گا۔

install suchtv android app on google app store