اوباما کا فوجی انخلاءکی رفتار میں کمی کا اعلان

اوباما کا فوجی انخلاءکی رفتار میں کمی کا اعلان اے ایف پی فوٹو

امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان سے فوجی انخلاء کی رفتار سست کرنے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک افغان سرزمین پر نوہزار آٹھ سو فوجیوں کی تعداد برقرار رکھی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس میں افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران باراک اوباما نے کہا کہ افغانستان اب بھی ایک خطرناک مقام ہے جہاں فوجی انخلاء کے عمل کو سست کردیا جائے گا۔ امریکا نے اس سے پہلے افغانستان رواں سال کے اختتام تک اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرکے ساڑھے پانچ ہزار تک رکھنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

باراک اوباما نے مزید کہا کہ 2016 میں امریکی فوجیوں کی تعداد کا فیصلہ رواں برس کے آخر میں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان صدر کی درخواست پر امریکی فوجی انخلاء کے عمل میں لچک پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

افغان صدر اشرف غنی کا یہ پہلا دورہ امریکا ہے اور انہوں نے باراک اوباما سے فوجی انخلاء کے عمل کو سست کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ افغان فورسز کو اب بھی عسکریت پسندوں کے حملوں کا سامنا ہے جبکہ داعش نے بھی افغان سرزمین سے بھرتی شروع کررکھی ہے۔ افغانستان سے سابق صدر حامد کرزئی کے مقابلے میں اشرف غنی نے واشنگٹن سے اپنے تعلقات کو زیادہ بہتر بنایا ہے۔

install suchtv android app on google app store