افغانستان میں ڈرون حملہ، 4 'پاکستانی طالبان' ہلاک

افغانستان میں ڈرون حملہ، 4 'پاکستانی طالبان' ہلاک فائل فوٹو

مشرقی افغانستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 پاکستانی طالبان سمیت 11 مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے صوبہ ننگرہار کے شیرزاد ڈسٹرکٹ کے گورنر مہلم معشوق کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکی ڈرون نے ایک پک اپ گاڑی پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں منگل کی دوپہر 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 4 کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جا رہا ہے، سخت گیر پاکستانی اور افغان طالبان ایک دوسرے کی اتحادی جماعتوں کے طور پر پاک افغان سرحد کی دونوں جانب دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روزبھی افغانستان بارڈر کے قریب واقع شہر پشاور کے ایک اسکول میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملہ کر کے 132 بچوں سمیت 141 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو 2004 سےقبائلی علاقوں میں شدت پسند اسلامی گروپوں کی مزاحمت کا سامنا ہے۔ وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اوراورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے رواں برس 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔ جبکہ خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں بھی ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

install suchtv android app on google app store