فلسطین: سلامتی کونسل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

فلسطین: سلامتی کونسل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے خطے میں جانے کا مقصد اسرائیل اور فلسطینیوں کو تشدد روکنے پر آمادہ کرنا ہے

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگی بندی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسرائیل نے پیر کو حملوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔

اتوار کو رات گئے ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں غزہ میں جاری تنازعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ دونوں فریقین اس تنازعے کے خاتمے کے لیے فوری فائر بندی پر متفق ہو جائیں۔

سلامتی کونسل نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں اس تنازعے کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر شدید تحفظات و تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

ایک طرف عالمی برادری امن کے قیام کی کوششوں میں تیزی لارہی ہے تو اسرائیل نے بھی اپنی کارروائیوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے اور اس نے مبینہ طور پر حماس سے تعلق رکھنے والے دس افراد کو ایک سرنگ کے ذریعے جنوبی اسرائیل میں داخلے کی کوشش کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق ایرز کراسنگ کے قریب ہونے والے مسلح تصادم کے دوران متعدد فوجی بھی زخمی ہوئے۔

علاوہ ازیں حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک اسرائیلی فوجی کو اغوا کر لیا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفارتکار نے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں صرف ایک بے بنیاد افواہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے دوران ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 508 ہوگئی۔ فلسطینی ہنگامی سروسز کے مطابق پیر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 14 ویں روز فضائی حملے میں رافع میں ایک ہی خاندان کے سات فلسطینی بچوں سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد صیہونی جارحیت کے دوران ہلاک فلسطینیوں کی تعداد پانچ سو سے بھی بڑھ گئی جبکہ 3135 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ میں ہنگامی خدمات کے ادارے کے ترجمان اشرف القدر نے بتایا کہ اتوار کے روز اسرائیلی حملوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشتر خواتین اور بچے تھے، جبکہ اسرائیل نے تیرہ فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا جس کے بعد جمعرات سے جاری اس زمینی آپریشن میں فوجیوں کی ہلاکتیں اٹھارہ تک جا پہنچی ہیں۔ غزہ میں اب تک تراسی ہزار افراد اقوام متحدہ کی فلسطینی مہاجروں کے لیے کام کرنے والی ایجنسی کے زیرتحت کام کرنے والے اسکولوں میں پناہ لے چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store