ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری، نظام زندگی درہم برہم

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری، نظام زندگی درہم برہم فائل فوٹو ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری، نظام زندگی درہم برہم

ملک بھر میں رات سے جاری بارشوں اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔

ملک کے بیشتر حصوں میں گزشتہ روز سے جاری بارشوں اور برفباری نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا ہے وہیں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔ پاکستان کے پہاڑی علاقوں مہمند ایجنسی ، زیارت، قلات، کوئٹہ، پشین، چمن، نوشکی، مالم جبہ، سوات، چترال ، گلگت بلتستان، اور کشمیر میں برفباری کے باعث سخت سردی اور زمینی رابطے منقطع ہونے کی اطلاعات ہیں۔

شدید برفباری کے باعث گلگت اور چترال، کوئٹہ اور تفتان، اور کوہستان کے علاقے لوٹر کے مقام پر لینڈ سلائنڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بلاک ہوگئی ہے اور شہروں کا دیگرشہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جب کہ چترال کے علاقے بلائی چترا میں برفانی تودے گرنے کے خدشے کے باعث ڈی سی کنٹرول روم نے بلائی چترا کے مقام گھت موڑکھو کے مقامی خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں کراچی، فیصل آباد، احمد پور سیال، رحیم یار خان،سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان، صادق آباد، بھکر، مظفر گڑھ، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، بنوں، ٹنڈو الہیار، لورالائی اور گردو نواح میں رات سے ہونے والی بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوگیا ہے اور بعض شہروں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار بنادیا ہے تاہم پنجاب کے متعدد شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوچکا ہے جس کے بعد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹریفک پولیس، موٹروے اور ہائی وے پولیس نے ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کے استعمال اور لائن میں سفر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، خراب موسم کے باعث تمام شہروں کے فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوگئے ہیں۔ بعض شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی آئندہ 24 گھنٹوں کی پیش گوئی کے مطابق خیبرپختونخواہ، فاٹا ،بالائی پنجاب راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر جب کہ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ڈویژن میں کہیں کہیں، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب اور بالائی سندھ کےبعض میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنےکا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store