برف کی سفید پری نے مری سے لیکر سوات تک پر پھیلا دئیےہیں

برف کی سفید پری نے مری سے لیکر سوات تک پر پھیلا دئیےہیں فائل فوٹو

برف کی سفید پری نے مری سے لیکر سوات تک پر پھیلا دئیےہیں، کہیں برف سے ڈھکی بلند چوٹیوں اور کہیں پہاڑوں کے دامن میں آسمان سے اترتے برف کے گالوں نے ایسے جلوے دکھائے کہ قدرتی حسن کے متوالے جوق در جوق موسم کی دلکشیوں کا لطف لینے پہنچ گئے۔

وادیوں نے سفید رنگ کی دبیز چادر کیا اوڑھی، جاڑہ تو جیسے جوبن پر آگیا, ملکہ کوہسار کی چوٹیوں نے برف کا تاج پہنا۔ تو پوری وادی سفید رنگ میں رنگ گئی ۔

سوات، چترال اور گلگت بلتستان کے پہاڑ سرتا پا سفید دو شالا اوڑھے موسم کی دلکشی بڑھا رہے ہیں، تو سفید پوشاک پہنے پہاڑوں کے بیچ و بیچ سر سبز وادیوں کے حسن سے بھی موسم سرما کی دلفریبی جھلک رہی ہے۔

برف باری نے ہر منظر میں سفید رنگ بھرا تو قدرتی حسن کے نظاروں کے شیدائی بھی دل کے ہاتھوں مجبور ہو گئے، فوراً رخت سفر باندھا اور حسین وادیوں کا نظارہ کرنے نکل کھڑے ہوئے، رنگ برنگے، پہناوے، ہلہ گلہ، مزے کے کھیل اور اس پر گرما گرم پکوان ، سیاحتی مقامات پر رونقیں عروج پر پہنچ گئیں.

برفباری سے مری کے حسن کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، سحر انگیز نظاروں نے سیاحوں کو دیوانہ کر دیا۔آسمان سے گرتے برف کے گالوں نے سحر طاری کر دیا۔ مری میں برفباری کے دلفریب مناظر نے ہر کسی کو دیوانہ بنا لیا۔

قدرتی حسن کے اس نئے روپ نے دیکھنے والون کا لطف تو دوبالا کیا ہی،، پہاڑوں کے باسیوں اور سیاحوں کو تھوڑی سی مشکل میں بھی ڈال دیا۔کہیں بند راستے، کہیں لکڑیوں کی کمی اور کہیں لہو جماتی سردی ۔۔۔نے پریشان کردیا ۔

install suchtv android app on google app store