فیس بُک پر ’’عارضی بولتی بند‘‘ کا فیچر سامنے آگیا

فیس بُک پر ’’عارضی بولتی بند‘‘ کا فیچر سامنے آگیا فائل فوٹو

عارضی جنگ بندی کے بارے میں تو آپ نے بہت سنا ہوگا لیکن اب فیس بک ایک ایسا نیا فیچر لانے کی تیاری کر رہی ہے جس کے ذریعے آپ کسی مخصوص آن لائن فرینڈ، پیج یا گروپ کے بارے میں اپنی فیس بُک فیڈ (وال) پر آنے والے نوٹی فکیشنز کو عارضی طور پر معطل کر سکتے ہیں یعنی اپنے حساب سے فیس بک پر کسی کی بھی ’’عارضی بولتی بند‘‘ کرسکتے ہیں۔

اس نئے فیچر کو ’’سنوز‘‘ (Snooze) کا نام دیا ہے جس کا مطلب خراٹے لینا یا کچھ دیر کے لیے سلا دینا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’’ٹیک کرنچ‘‘ کے مطابق یہ فیچر آپ کی وال پر دکھائی دینے والی کسی بھی پوسٹ کے بالائی حصے میں دائیں جانب موجود تین نقطوں (…) پر رائٹ کلک کرنے سے نمودار ہوگا (بشرطیکہ وہ پوسٹ آپ کی اپنی نہ ہو بلکہ کسی اور کی ہو)۔

ڈراپ ڈاؤن فلوٹنگ مینیو میں دیگر آپشنز کے درمیان Unfollow/ Unfriend or Snooze کا آپشن بھی دکھائی دے گا جس میں سے Snooze کو سلیکٹ کرتے ہوئے آپ نہ صرف اس پوسٹ کو اپنی وال سے غائب کرسکیں گے بلکہ ایک خاص وقت تک کے لیے اس مخصوص فرد، پیج یا گروپ کی جانب سے کی جانے والی پوسٹیں آپ کی فیس بُک فیڈ میں نظر نہیں آئیں گی۔

’’سنوز‘‘ کا دورانیہ 24 گھنٹے سے لے کر 30 دن تک مقرر کیا جا سکتا ہے تاہم اسے آپ اپنی مرضی سے تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔

یہ سہولت خاص طور پر ایسے افراد اور کاروباری و تجارتی فیس بک پیجز کے لیے ہے جو ہر وقت کچھ نہ کچھ شیئر کراتے رہتے ہیں اور فرینڈ لسٹ/ فالوورز میں سے ہونے کی وجہ سے یہ سارے نوٹی فکیشنز آپ کی فیڈ میں مسلسل ظاہر ہوتے رہتے ہیں۔

البتہ یہ افراد یا ادارے ایسے ہوتے ہیں کہ جن کی ہمیں ضرورت بھی پڑ سکتی ہے اس لیے ہم انہیں ان فرینڈ/ ان فالو بھی نہیں کرسکتے۔

شاید یہی وجہ ہے کہ فیس بُک نے Snooze فیچر کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ’’ٹیک کرنچ‘‘ کے مطابق اب فیس بک کے ترجمان نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ امید ہے کہ یہ فیچر جلد ہی فیس بُک کے ڈیسک ٹاپ ورژن اور موبائل ایپ، دونوں کےلیے دستیاب ہوگا۔

install suchtv android app on google app store