سام سنگ کا سب سے 'بہترین' گلیکسی نوٹ متعارف

گلیکسی نوٹ 8 فائل فوٹو گلیکسی نوٹ 8

اگر آپ کو یاد نہ ہو تو گزشتہ سال یہی دن تھے جب سام سنگ نے اپنی تاریخ کا تباہ کن فون گلیکسی نوٹ سیون متعارف کرایا تھا جو اس کے لیے بہت بڑا دھچکا ثابت ہوا۔

تاہم اب جنوبی کورین کمپنی اس دھچکے سے باہر نکل چکی ہے اور اس نے اپنا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 8 متعارف کرا دیا ہے اور اسے کمپنی کی اب تک کی سب سے بہترین ڈیوائس قرار دیا ہے۔

کمپنی نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس نئی ڈیوائس کے فیچرز اور اسٹائلوس صارفین کو اسے سراہنے پر مجبور کردیں گے۔

یہ نیا فون دیکھنے میں تو گلیکسی ایس ایٹ پلس جیسا ہے مگر اس کا ڈسپلے کچھ بڑا یعنی 6.3 انچ کا ہے جبکہ اس کے کونے زیادہ گول جبکہ سائیڈ ایجز کم خم کے ساتھ ہیں۔

اس فون میں اسنیپ ڈراگون 835 یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس اوکٹا کور پراسیسر، 64 جی بی اسٹوریج (مائیکرو ایس ڈی سپورٹ موجود ہے) اور سکس جی بی ریم کے ساتھ ایس ایٹ سے زیادہ طاقتور فون ہے اور وائرلیس چارجنگ بھی اس کا حصہ ہے۔

اس فون کی بیٹری 3300 ایم اے ایچ ہے جس کا مقصد گزشتہ سال جیسے مسئلے سے بچنا ہے۔

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں ڈوئل کیمرہ دیا گیا ہے۔

یہ ڈوئل کیمرہ بارہ میگا پکسل کے سنسرز کے ساتھ ہے جس میں ایک کیمرہ ریگولر/ وائیڈ اینگل لینس کے ساتھ ہے جس میں ایف 1.6 آپرچر دیا گیا جبکہ دوسرا ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ ہے جس میں ایف 2.4 آپرچر ہے۔

مگر سام سنگ کا دععویٰ ہے کہ یہ پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں دونوں سنسرز آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کی سہولت فراہم کرتے ہیں اور اس کی مدد سے صارفین ٹیلی فوٹو کیمرہ زیادہ استعمال کرسکیں گے خاص طور پر کم روشنی میں۔

اسی طرح اس میں زیادہ زومنگ اور پوروٹریٹ اسٹائل موڈز دیئے گئے ہیں جبکہ دونوں کیمروں سے بیک وقت تصاویر لی جاسکتی ہیں۔

اس کے فرنٹ پر آٹھ میگا پکسل کا آٹو فوکس کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ فون کو آنکھوں کی مدد سے ان لاک کیا جاسکتا ہے اور یہ ایس ایٹ کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ بھی ہے جو ڈیڑھ میٹر پانی میں 30 منٹ تک ڈوب کر بھی محفوظ رہتا ہے۔

یہ فون سام سنگ کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی سے لیس ہے جبکہ یہ بلیک، گرے، گولڈ اور بلیو رنگوں میں دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق اس میں اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے تاہم اسے چند ماہ کے اندر اینڈرائیڈ 8 یا اوریو سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا، جبکہ اسے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے طور پر استعمال کرنے کے لیے ڈیکس بھی دیا ہے جس کے لیے ڈوک درکار ہوگا۔

اس کا اسٹائلوس پین پہلے سے بہتر ہے اور 71 زبانوں کو فوری طور پر ترجمہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

یہ پری آرڈر پر کل سے یورپ اور امریکا میں صارفین کے لیے دستیاب ہے تاہم اس کی فروخت 15 ستمبر سے شروع ہوگی جبکہ اس کی قیمت 930 ڈالرز(لگ بھگ 98 ہزار پاکستانی روپے) سے 1111 ڈالرز (ایک لاکھ 17 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک ہوگی۔

install suchtv android app on google app store