پاکستان میں پہلی بار مکمل اسمبل کردہ کار وی ٹو متعارف

فا وی ٹوکار فائل فوٹو فا وی ٹوکار

الحاج فاموٹرز نے پاکستان میں پہلی بار مکمل اسمبل کردہ کار وی ٹو متعارف کرادی ہے، فا وی ٹوپہلی چینی پسنجر کار ہے جسے مکمل طور پر پاکستان میں ہی اسمبل کیا گیا ہے۔

فا وی ٹوکار کی تعارفی تقریب گزشتہ روز فا موٹرز کے پلانٹ پر منعقد کی گئی جہاں الحاج فا موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر بلال آفریدی بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں ملک بھر سے کار ڈیلرز اور وینڈرز کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ فا چین کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی آٹو موٹیو کمپنی ہے جس نے پاکستان میں الحاج کے ساتھ سن2007میں الحاق کیا تھا۔

اس وقت الحاج فا کی 50ہزار اسکوائر میٹر پھیلے پلانٹ میں 600سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں جبکہ سنگل شفٹ میں پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 10ہزار سالانہ ہے۔ الحاج فا موٹرز کے پاس مجموعی طور پر 1لاکھ5ہزار اسکوائر میٹر کا رقبہ ہے جس میں سے 50ہزار اسکوائر میٹر پر پلانٹ قائم کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الحاج فا کے ایم ڈی بلال آفریدی کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر اس پلانٹ پر ڈھائی ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ بعد ازاں مزید ایک ارب تیس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے اسمبلی پلانٹ کے سیٹ اپ کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ای ڈی پینٹ ٹیکنالوجی حاصل کی گئی ،ان کا کہنا تھا کہ الحاج فا کی جانب سے ملک بھر کے بڑے شہروں میں تھری ایس سروس فراہمی کے ساتھ ساتھ تین سالہ یا 60ہزار کلو میٹر تک کی وارنٹی بھی مہیا کی جارہی ہے۔

الحاج فا کا دعویٰ ہے کہ مقامی طور پر اسمبلنگ کی سہولت سے انہیں اپنے صارفین کی بہتر خدمت کرنے اور معیاری کاروں کی فراہمی میں مدد دے گی ،کمپنی کا ارادہ ہے کہ سال 2020تک پلانٹ کی پیداواری استعداد کو 15ہزار یونٹس سالانہ تک لے جانے کے ساتھ ساتھ نئے ماڈلز بھی متعارف کرائے جائیں۔

الحاج فا کی نئی V2 hatchback تیرہ سو سی سی انجن کی حامل ہے جسے مکمل طور پر سی بی یو کی صورت میں در آمد کیا گیا ہے ،کمپنی نے پاکستان میں اپنا آپریشن سات ایکڑ زمین سے شروع کیا گیا تھا اور اب کمپنی کے آپریشنز 27ایکڑ رقبے یک پھیل گئے ہیں جو کہ کمپنی کے اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم یہاں بھاگنے کیلئے نہیں بلکہ کام کرنے کیلئے آئے ہیں۔

فا کے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی کاروں میں لگژری سہولیات کے باوجود ان کی قیمت انتہائی مناسب سطح پر رکھی ہیں اور اب ہمارا شمار انتہائی مناسب قیمت پر معیاری اور لگژری کاریں بنانے والی کمپنی کے طور پر کیا جاتا ہے اور صارفین کا ہم پر اعتماد ہے، ان کا کہنا تھا کہ مقامی طور پر اسمبل کردہ V2کی قیمت در آمدی سی بی یو کے مقابلے میں انتہائی کم ہے جبکہ اس کے کم طاقت کے انجن کے باعث خریداروں کو ٹیکس اور رجسٹریشن کی مد میں بھی بچت ہوگی۔

بلال آفریدی کا کہنا تھا کہ ایندھن کی بچت کے حوالے سے بھی یہ ایک آئیڈیل کار ہوگی جو کہ شہروں میں ایک لٹر میں15تا 16کلو میٹر جبکہ ہائیوے پر 18کلو میٹر تک کا مائلیج فراہم کرے گی ،انہوں نے بتایا کہ رواں سال تک کے اختتام تک ہم V2کے ماہانہ 500یونٹس بنائینگے جبکہ ہمارا منصوبہ ہے کہ یہاں تیار کردہ رائٹ ہینڈ ڈارئیو کاروں کو جلد ہی چین اور دیگر ممالک کو بھی بر آمد کریں۔

install suchtv android app on google app store