انٹرنیٹ کے بغیر واٹس ایپ کا استعمال ممکن ہو گیا

سمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کی بڑی تعداد اپنے پیاروں سے رابطے میں رہنے کیلئے مشہور سوشل ایپلی کیشن واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں اور اس کے ذریعے بات چیت کرنے کیلئے وائی فائی انٹرنیٹ یا پھر موبائل انٹرنیٹ کا ہونا لازمی ہے تاہم صارفین کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ”واٹ سم“ کے نام سے ایک سم کارڈ متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے ذریعے انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر ہی واٹس ایپ کا بالکل مفت استعمال ممکن ہو گیا ہے۔

اٹلی کی موبائل کمپنی زیرو موبائل نے ”واٹ سم“ کے نام سے ایک سم کارڈ متعاراف کرایا ہے جو دنیا کے 150 ممالک میں 400 موبائل آپریٹرز کے ساتھ کنکٹ ہونے کے قابل ہے اور اسے کہیں بھی کسی بھی جگہ پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کے پاس واٹ سم ہے تو آپ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ یہ سم اپنے موبائل میں ڈال کر موبائل آن کریں اس کے بعد یہ سم خود ہی سب سے زیادہ سگنل مہیا کرنے والے آپریٹر کے ساتھ کنکٹ ہو جائے گی اور آپ بغیر کسی انٹرنیٹ کنکشن کے بالکل مفت واٹس ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اگر آپ اپنی موجودہ جگہ تبدیل کرتے ہیں تو واٹ سم آپ کے علم میں لائے بغیر ہی بہترین سگنل والے آپریٹر کا انتخاب کر کے خود بخود اس کے ساتھ کنیکٹ ہو جائے گی اور آپ بغیر کسی پریشانی کے اسے استعمال کرتے رہیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کے ایسے صارفین جو مہنگے موبائل انٹرنیٹ اور وائی فائی کی غیر موجودگی سے پریشانی کا شکار رہتے ہیں، ان کیلئے یہ بہترین طریقہ ہے کہ وہ مہنگے داموں انٹرنیٹ ڈیٹا پلانز خریدنے کے بغیر ہی اپنے پیاروں کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں۔

ابتدائی طور پر اس کی قیمت 10 یورو (تقریباً 1,168 پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے جس کے ذریعے واٹس ایپ پر بالکل مفت میسیجز بھیجے جا سکتے ہیں تاہم تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے کیلئے صارف کو کریڈٹ خریدنا پڑے گا۔

زیرو موبائل کے مطابق صارفین کو 5 یورو کے بدلے 1000 کریڈٹ دیا جائے گا جس کے بدلے میں 50 تصاویر یا 10 ویڈیوز شیئر کی جا سکیں گی جبکہ یہ کریڈٹ متعلقہ کمپنی کی ویب سائٹ سے باآسانی خریدا جا سکے گا۔

ابتدائی طور پر ”واٹ سم“ کو کمپنی کی ویب سائٹ پر فروخت کیلئے پیش کیا گیا ہے تاہم جلد ہی اسے 100 ممالک میں ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے فروخت کیلئے بھی پیش کر دیا جائے گا۔

زیرو موبائل کے بانی اور سی ای او مینوئل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں لوگ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تاہم مختلف ممالک میں سفر کرنے والے افراد رومنگ چارجز کے باعث کوفت کا شکار ہوتے ہیں جبکہ ہر جگہ وائی فائی بھی دستیاب نہیں ہوتا۔

ان تمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سم کارڈ متعارف کرایا گیا ہے اور یہ سم واٹس ایپ صارفین کیلئے بہترین انتخاب ثابت ہو گا۔

install suchtv android app on google app store