روسی آسمان پر پراسرار ’فائر بال‘ ایک معمہ

روسی علاقے یورال میں ایک شہری کی طرف سے آسمان پر نظر آنے والے آگ کے ایک گولے کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر سنسنی پھیلا رکھی ہے۔

بعض لوگ اسے شہاب ثاقب قرار دے رہے ہیں تو بعض اسے UFO یعنی نامعلوم فضائی جسم جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ فائر بال روسی فوج کی طرف سے اسلحہ ٹھکانے لگانے کا نتیجہ ہے۔

رات کے وقت ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی کھڑکی سے آسمان کی بنائی گئی اس ویڈیو میں سرخ رنگ کی ایک روشنی چمکتی ہے اور یہ چمک کئی سیکنڈز بعد غائب ہونے سے پہلے مسلسل بڑھتی چلی جاتی ہے اور جس سے قریبی آسمان روشن ہو جاتا ہے۔ اس طرح کی ایک اور ویڈیو ہائی وے پر سفر کے دوران بھی بنائی گئی ہے۔ یہ دونوں ویڈیوز یوٹیوب پر اب تک 700,000 مرتبہ دیکھی جا چکی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ روس کے قومی ٹیلی وژن پر بھی اس کی بازگشت سنائی دی ہے۔

اس چمکدار فائر بال کی ویڈیو جمعرات 14 نومبر کی شام سویرڈلاسک Sverdlovsk ریجن کے شہر Rezh کے قریبی آسمان پر دیکھی گئی۔ یہ علاقہ روسی دارالحکومت ماسکو سے قریب 900 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ ایک نیوز ریڈر نے روسی ٹیلی وژن روسیا 24 پر بدھ کے روز بتایا کہ یہ روشنی ایک جوہری دھماکے سے پیدا ہونے والی روشنی کی طرح ہے۔

یہ روشنی اسی روسی علاقے یورالز کے آسمان پر دیکھی گئی جہاں گزشتہ برس فروری میں ایک شہاب ثاقب گرنے کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا اور ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

کار کی سامنے والی اسکرین پر لگے کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو میں ’فائر بال‘ بظاہر زمین سے بلند ہوتی محسوس ہو رہی ہے۔ تاہم شہاب ثاقب پر تحقیق کرنے والے ایک محقق وِکٹور گروخوفِسکی Viktor Grokhovsky نے ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے خیالات میں اس بات پر شک کا اظہار کیا ہے کہ آگ کا یہ گولہ کوئی شہاب ثاقب ہو سکتا ہے۔

روس کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے والی وزارت نے تاہم اس بات کی تردید کی ہے کہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش بھی آیا ہے۔ اس وزارت کی سویرڈلاسک ریجن برانچ کی خاتون ترجمان نتالیا زائرانوا Natalya Zyryanova نے بدھ کے روز روسیا 24 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہمارے علاقے میں کوئی حادثات نہیں ہوئے اور نہ ہی کسی قسم کے قدرتی آفات کے کوئی واقعات پیش آئے ہیں۔‘‘

ایک مقامی نیوز ویب سائٹ نے فوجی ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ روشنی پرانے گن پاؤڈر یا بارود کو تباہ کرنے کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔ تاہم اس طرح کی کارروائی عام طور پر دن کے وقت ہی کی جاتی ہے۔

install suchtv android app on google app store