فواد کو ٹیم میں واپسی کیلئے جارحیت کی ضرورت ہے: آرتھر

فواد عالم فائل فوٹو فواد عالم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ فواد عالم کو سیلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں طلب کیا گیا تھا جہاں سیلکرز کو موقع ملا کہ 'ان کی تیکنیک اور اسٹروک کو جانچیں اور دیکھا جائے کہ وہ زیادہ باؤنڈریز کیسے حاصل کرتے ہیں'۔

قومی ٹیم میں طویل عرصے سے جگہ بنانے میں ناکام بلے باز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 40 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں تاہم ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو رنز بناتے رہنے کی ضرورت ہے اور ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے 'زیادہ باؤنڈریز لگانے کی بھی ضرورت ہے'۔

انھوں نے کہا کہ 'فواد عالم کی این سی اے میں موجودگی اچھا موقع تھا جہاں ہمیں طویل طرز کے لیے ان کی فٹنس کے حوالے سے جاننے کا موقع ملا'۔

مکی آرتھر نے زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 'ہر کھلاڑی انفرادی طور پر اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے'۔

انھوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی میں آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اپنی توجہ کھیل پر ہی مرکوز رکھنے کی ہدایت کی۔

ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ 'ہماری ٹی ٹوئنٹی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے اور میرے خیال میں ہماری ایک روزہ ٹیم بھی بہتر ہے تاہم اب ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پھر سے سرفہرست آنے کی ضرورت ہے'۔

یاد رہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے گزشتہ سال درجہ بندی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی تاہم مصباح الحق اور مایہ ناز بلے باز یونس خان کی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد قومی ٹیم گزشتہ ماہ سری لنکا سے سیریز میں شکست کے نتیجے میں ساتویں پوزیشن پر چلی گئی۔

فاسٹ باؤلر سہیل خان پر بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ سہیل خان جو کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے تاہم وہ ایک دہائی پرانے ہیں۔

install suchtv android app on google app store