محمد عامر دنیا کے مشکل ترین باؤلر: ویرات کوہلی

 ویرات کوہلی اور  پاکستانی باؤلر محمد عامر ویرات کوہلی اور پاکستانی باؤلر محمد عامر

بھارتی بلے باز ویرات کوہلی ویسے تو دنیا بھر کے باؤلروں کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں اور شاید ہی کوئی باؤلنگ لائن اپ ہو جس کے خلاف انہوں نے رنز کے انبار اور ریکارڈز نہ بنا رکھے ہوں۔ بہترین ریکارڈ کے باوجود وہ مخالف ٹیم بالخصوص پاکستانی گیند بازوں کی اچھی گیند بازی کی تعریف کرتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ کچھ روز قبل اس وقت ہوا جب بالی وڈ اسٹار عامر خان نے ان سے سوال کیا کہ کون سا گیند باز انہیں نروس کرتا ہے جس کے جواب میں ویرات کوہلی نے پاکستانی باؤلر محمد عامر کا نام لیا۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ ’گزشتہ کچھ عرصے میں میں نے جس باؤلنگ کا سامنا کیا ہے ان میں محمد عامر مشکل ترین تھے۔ وہ اس وقت دنیا کے دو، تین بہترین باؤلروں میں سے ایک ہیں اور میں نے جن کا سامنا کیا ہے ان میں مشکل ترین ہیں۔ آپ کو ان کے خلاف اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے ورنہ وہ آپ کی وکٹ لے جاتے ہیں۔ وہ ایک بہترین باؤلر ہیں۔‘

کوہلی نے ماضی میں بھی محمد عامر کی تعریف کی ہے۔ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار گیند بازی کے بعد ویرات کوہلی نے کہا کہ ’محمد عامر نے جس طرح باؤلنگ کی، میں اس پر ان کی تعریف کرنا چاہوں گا۔ جب وہ باؤلنگ کررہے تھے اسی وقت میں نے ان کی تعریف کی تھی۔ میں خوش ہوں کہ میں ایسا اسپیل کھیلنے میں کامیاب رہا۔ وہ ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہیں۔‘

ایشیا کپ ہی کے دوران ویرات کوہلی نے اپنا بیٹ بھی محمد عامر کو تحفے کے طور پر دیا تھا۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت کےخلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر کے یادگار اسپیل میں انہوں نے ویرات کوہلی کی بھی وکٹ لی تھی۔

ان کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں 180 رنز سے شکست دی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store