سری لنکن کرکٹرز کا لاہور میں میچ کھیلنے پر تحفظات کا اظہار

سری لنکن کرکٹرز فائل فوٹو سری لنکن کرکٹرز

سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کو جمع کرائے گئے ایک خط میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے 40 کانٹریکٹ کھلاڑیوں نے 29 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم کے لاہور کا دورہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اگرچہ کھلاڑیوں نے واضح طور پر دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا، تاہم انہوں نے سیکیورٹی خدشات کے باعث میچ کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ تھسارا پریرا نے، جو ستمبر میں آزادی کپ کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والی ’ورلڈ الیون‘ کا بھی حصہ تھے، اس خط پر دستخط نہیں کیے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کو لاہور کے دورے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کرے گا۔

کرک بز کی رپورٹ میں ایس ایل سی کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ ’کرکٹ بورڈ جلد کھلاڑیوں سے اس پر بات کرے گا، فی الحال کھلاڑیوں کو سیریز کے درمیان میں پریشان نہیں کرنا چاہتے، لیکن ہمارے پاس مسئلے پر غور و فکر کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔‘

ذرائع کا کہنا تھا کہ ’آئی سی سی کے نمائندے بھی ہفتہ کے روز کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں لاہور کی صورتحال سے متعلق آگاہ کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم ہر ممکنہ آپشن پر غور کر رہے ہیں، پاکستان ہمارے قریب ترین اتحادیوں میں سے ایک ہے اور ہم اسے مایوس نہیں کرنا چاہتے۔‘

اگر کھلاڑیوں سے مذاکرات ناکام ہوجاتے ہیں تب بھی ’ایس ایل سی‘ کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کی ٹیم بھیجنے کے فیصلے کی صورت میں لاہور میں میچ منعقد ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں منعقد ہونے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن ہوئے تھے۔

ستمبر میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں آئی سی سی کی ورلڈ الیون ٹیم نے لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی تھی۔

install suchtv android app on google app store