سری لنکا کو 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں بدترین شکست

ویرات کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی فائل فوٹو ویرات کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی

بھارت نے آخری ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سری لنکا کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-5 سے بدترین مات دے دی۔

کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں بھارت نے 239 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی اور 9 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

کیدار یادؤ نے 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے لاستھ ملنگا، وِشوا فرنینڈو، مَلنڈا پُشپاکمارا اور وَنِندو ہسارانگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 63 کے مجموعی اسکور پر ہی اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم پھر لاہیرو تھریمانے اور اینجلو میتھیوز نے 122 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بناتے ہوئے اسکور کو 185 تک پہنچایا، تاہم پھر تھریمانے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی پانچویں وکٹ محض 9 رنز کے وقفے سے گری اور اینجلو میتھیوز بھی 55 رنز بنا کر کلدیپ یادؤ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد سری لنکا کا کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پایا اور یوں میزبان ٹیم آخری اوور میں 238 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی آخری 7 وکٹیں صرف 53 رنز کے اضافے سے گری۔

بھارت کے بھونیشور کمار نے اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جسپریت بُمراہ نے 2 جبکہ کلدیپ یادؤ یووِندرا چاہَل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بعد سری لنکا کے کپتان اپُل تھرانگا کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے بہت مشکل وقت ہے اور ہم عالمی معیار کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہے۔‘

بھارت کی یہ پانچ میچز کی دوسری غیر ملکی سیریز تھی جو اس نے وائٹ واش کی، قبل ازیں اس نے 2013 میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارت نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سریز بھی 0-3 سے کلین سوئپ کی تھی۔

ویرات کوہلی، مہندرا سنگھ دھونی کا سنگ میل

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرکے ایک روزہ میچز میں 30 سنچریاں مکمل کرکے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کیا۔

ان سے آگے بھارت کے عظیم بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھی۔

سیریز کے آخری میچ میں مہندرا سنگھ دھونی نے بھی اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل اس وقت عبور کیا، جب انہوں نے اکیلا دننجَیا کو چاہَل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کرکے اپنے 100 اسٹمپ مکمل کیے۔

دھونی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے وکٹ کیپر ہیں، جنہوں نے 99 اسٹمپ آؤٹ کرنے والے سابق سری لنکن وکٹ کیپر کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑا۔

install suchtv android app on google app store